گجرات کے شہر احمداباد کے شاہ عالم علاقے میں واقع حضرت شاہ عالم سرکار کی درگاہ پر اُن کی ولادت کے موقع پر ہر سال عظیم الشان جلوس نکالا جاتا ہے اور ریاست بھر سےعقیدت مند کثیر تعداد میں درگاہ پر حاضری دینے آتے ہیں۔
اس سال بھی حضرت شاہ عالم سرکار کی یوم ولادت کے موقع پر جلوس نکالا گیا اور روایتی طور پر ہاتھی پر چادر رکھ کر جلوس درگاہ تک لے جایا گیا۔
گزشتہ تیرہ برس سے حضرت شاہ عالم سرکار کی جشن ولادت کی مناسبت سے نکالے جانے والے اس عظیم الشان جلسے کی قیادت شاہ عالم درگاہ کے خادم صوبہ خان کر رہے ہیں۔
جلسے میں شامل افراد نے جشن ولادت کے موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا۔
اس موقع پر ای ٹی وی بھارت سے بات کرتے ہوئے خادم صوبہ خان نے کہا کہ جشن ولادت کے موقع پر پورے گجرات سے ہی نہیں بلکہ ملک کی مختلف ریاستوں سے عقیدت مند حاضری دینے آتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ درگاہ پر ہر مذہب اور طبقے سے تعلق رکھنے والے لوگ آتے ہیں اور درگاہ پر چادر چڑھا کر بھائی چارے کی مثال پیش کرتے ہیں۔
وہیں اجمیر شریف کے خادم حضرت سید نور عالم چشتی نے شاہ عالم سرکار کے یوم ولادت پر خوشی کا اظہار کیا اور کہا کہ اُن کی یوم ولادت پر ہمیشہ لطف بخش منظر دیکھنے کو ملتے ہیں۔
مقامی مندر کے پجاری دھن سکھ مہاراج نے کہا اس موقع پر کہا کہ ذات پات و بھید بھاؤ کو بھول کر آج ہم بارگاہ شاہ عالم میں حاضر ہوئے ہیں اور ہم یہاں سے انسانیت و مذہبی اتحاد و ہم آہنگی کا پیغام دے رہے ہیں۔
اس موقع پر ملک میں امن وامان کے لیے دعا کی گئیں۔ جشن ولادت میں شامل ہونے آئے عقیدت مندوں نے کہا کہ وہ ہر سال جلوس میں شامل ہوتے ہیں۔ انہوں نے یوم ولادت کے موقع پر کیے جانے والے انتظامات کی ستائش کی۔
لوگوں کا عقیدہ ہے کہ حضرت شاہ عالم کی درگاہ میں جو بھی آتا ہے خالی ہاتھ نہیں جاتا، ہر ایک کی مراد پوری ہوتی ہے اور گجرات کے ہر مسلمان کی خواہش ہوتی ہے کہ وہ اس درگاہ پر حاضری دے اور شاہ عالم سرکار کی مزار پر چادر چڑھائے۔