احمد آباد کے مقامی لوگوں نے پولیس کاروائی پر حیرت کا اظہار کرتے ہوئے سوال کیا کہ آخر تلاشی کیوں لی گئی اور مساجد کو بدنام کرنے کی کوشش کیوں کی گئی؟
پولیس نے احمدآباد کے سرسپور میں موجود بی بی فاطمہؓ مسجد اور مادھو پورا کی مسجد میں اچانک تلاشی کاروائی کی جس سے علاقے میں افراتفری کا ماحول پیدا ہوگیا تھا لیکن مقامی افراد نے اس موقع پر پولیس کا بھرپور تعاون کیا اور کاروائی میں کوئی رکاوٹ پیدا نہیں کی۔
پولس کے مطابق ایک گمنام کال موصول ہونے کے بعد تلاشی کاروائی کی گئی تھی جو غلط ثابت ہوا۔ پولس نے بتایا کہ تلاشی کے دوران مساجد میں کچھ بھی نہیں پایا گیا۔
یہ بھی پڑھیں:
احمدآباد عید میلاد النبی جلوس: آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین گجرات کی ٹیم پہنچی کمشنر آفس
اس معاملے پر جمعیت علمائے ہند گجرات کے جنرل سیکرٹری نثار احمد انصاری نے بتایا کہ ہم نے اس معاملے پر احمدآباد پولس کمشنر کو ایک میمورنڈم بھیجا ہے جس میں مسلم برادری کو بدنام کرنے کی سازش کرنے والوں کا پتہ چلاتے ہوئے ان کے خلاف سخت کاروائی کا مطالبہ کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس معاملہ میں بہت جلد پولیس کمشنر سے ملاقات کرکے انہیں فرضی کال کرنے والوں کے خلاف سخت کاروائی کرنے کا مطالبہ کیا جائے گا۔ انہوں نے اس امید کا بھی اظہار کیا کہ پولیس کنٹرول روم کو فرضی کال کرنے والے سے متعلق تفصیلات حاصل ہوں گی جبکہ پولیس اس معاملہ میں تحقیقات کرتے ہوئے ایسے عناصر کے خلاف سخت کاروائی کرے گی۔