گجرات کے احمد آباد میں مجلس اتحاد المسلمین کے ریاستی ترجمان دانش قریشی نے کہا کہ یو اے پی اے ایکٹ کے تحت زیادہ تر مسلمانوں کو نشانہ بنایا جارہا ہے۔ انہوں نے متنازعہ قانون پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں یو اے پی اے قانون کو نامناسب طریقے سے استعمال کیا جارہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بی جے پی حکومتوں میں اس قانون کا غلط طریقے سے استعمال کیا جارہا ہے جبکہ کانگریس نے بھی اس قانون کی حمایت کی تھی اور اب وہ اس قانون کو دھار دینے کا کام بھی کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یو اے پی اے کے معاملے میں کانگریس بالکل خاموشی اختیار کئے ہوئے ہے۔ اس قانون کا استعمال مظلوموں کے خلاف ہو رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:
احمدآباد: نفرت کا ماحول ختم کرکے محبت قائم کریں. اقبال پٹنی
یواے پی اے جسے قانون کو انگریزوں نے ایجاد کیا تھا جبکہ اسی ذہنیت کے لوگ اس کا استعمال مسلمانوں کے خلاف کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آزاد بھارت میں سب کو اپنے حق کےلیے آواز بلند کرنے کا اختیار حاصل ہے اور قانون کے دائرہ میں رہ کر حکومت کے خلاف احتجاج کیا جاسکتا ہے۔ بی جے پی حکومت کی جانب سے مخالفت کرنے والوں کے خلاف اس قانون کا بیجا استعمال کرکے انہیں خاموش کرنے کی کوشش کی جارہی ہے اور تمام سیاسی پارٹیاں خاموش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک کا نوجوان اور سمجھدار طبقہ حکومت سے سوال کرتا ہے تو اس پر یو اے پی اے لگادیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب یو اے پی اے پر اب سوچنے کا وقت آ گیا ہے۔