نئی دہلی: تجارت اور صنعت کے وزیر پیوش گوئل نے گذشتہ روز کہا کہ مالی سال 2022-23 کے اختتام تک ملک کی اشیا اور خدمات کی برآمدات 760 بلین ڈالر سے تجاوز کرسکتی ہے۔ مالی سال 2021-22 میں ملک کی کل برآمدات 676 ارب ڈالر تھیں، جب کہ ایک برس قبل یہ تعداد 500 ارب ڈالر تھی۔ انڈسٹری باڈی اسوچیم کے سالانہ پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی وزیر پیوش گوئل نے کہا کہ ایک ایسے وقت میں جب دنیا کساد بازاری، بلند افراط زر اور بلند شرح سود کا سامنا کر رہی ہے، بھارت اچھا کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ نو برسوں میں نریندر مودی حکومت کی توجہ بنیاد ڈالنے پر رہی ہے، تاکہ معیشت کئی برسوں تک آسانی سے اور پائیدار ترقی کرتی رہے۔
اس کے ساتھ انہوں نے کہا کہ عالمی تجارت میں بھارت کی کارکردگی نے ناقدین کو غلط ثابت کر دیا ہے۔ پیوش گوئل نے کہا، ’’میں فخر اور خوشی سے کہہ سکتا ہوں کہ بھارت نے موجودہ مالی برس میں آج کی تاریخ کے مطابق 750 بلین ڈالر کی برآمدات کا ہندسہ عبور کر لیا ہے۔‘‘ انہوں نے امید ظاہر کی کہ 31 مارچ کو مالی سال کے اختتام تک یہ تعداد 760 بلین ڈالر پار ہوجائے گی۔ اپریل سے فروری کے دوران تجارتی سامان کی برآمدات 7.5 فیصد بڑھ کر 405.94 بلین ڈالر تک پہنچ گئیں۔ وزارت تجارت کے تخمینوں کے مطابق زیر جائزہ مدت کے دوران خدمات کی برآمدات 30.4 فیصد بڑھ کر 296.94 بلین ڈالر تک پہنچ گئیں۔
مزید پڑھیں: