کورونا وائرس نے جہاں عام لوگوں کی زندگیوں کو خطرے میں ڈال دیا ہے وہیں معاشی اعتبار سے چھوٹے کاروں باریوں کے لیے ایک مصیبت بن کر آئی ہے۔
کورونا وائرس نے ہر شعبے کو متاثر کیا ہے۔ خاص طور پر اتر پردیش میں، چھوٹے تاجروں پر اس کا منفی اثر پڑا ہے۔ جنتا کرفیو کے بعد جہاں مال بردار گاڑیوں کا بروقت نہ پہنچنا مسئلہ بنا ہوا ہے۔ جبکہ لاک ڈاؤن کی وجہ سے منڈیوں کا وقت بھی بدل گیا ہے۔ چھوٹے ٹھیلے اور چھوٹی منڈیاں بھی اس کی زد میں آکر بری طرح متاثر ہوگئی ہے۔'
کچھ شرپسندوں نے لاک ڈاؤن کے اعلان کے بعد منڈیوں کے بند ہونے کی افواہیں پھیلادی۔ جس کی وجہ سے سبزی کی قیمتوں میں اضافہ درج کیا گیا، تاہم تھوک فروختگی میں معمولی اضافہ ہوا تھا۔ لیکن خوردہ دکانداروں نے اس میں تقریبا 8 سے 10 روپے کا اضافہ کیا۔
دوسری جانب مانک نگر سبزی منڈی میں دکان لگانے والے رام دنیش کا کہنا ہے کہ تھوک میں ہی سبزیوں کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے۔ سبزیاں وقت پر دستیاب نہیں ہیں۔ ہر سبزی خاص طور پر سڑ جارہی ہے۔
کرانہ تاجر راجیش کمار کہتے ہیں کہ' ہر سامان میں 5 سے 8 روپے کا اضافہ ہوا ہے۔ یہاں اگر آپ صارفین کو مہنگے قیمت میں سامان دیں تو وہ لینے کے لیے تیار نہیں۔ ویسے بھی سامان لانے میں بہت مشقت جھیلنی پڑ تی ہے، بہت ساری جگہوں پر چیکنگ سے گزرنا پڑتا ہے۔ اسی وجہ سے نقصان ہوتا ہے۔'
اسی دوران عالم باغ منڈی میں کرانہ کی دکان لگانے والے رام الدین کا کہنا ہےکہ یہاں ہم دکان لگاکر راشن اور گڑ کے فروخت کرتے تھے۔ لیکن مارکیٹ کا مقررہ وقت نہ ہونے کی وجہ سے مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے'۔
خیال رہے کہ گذشتہ روز آئی ایم ایف کی منیجنگ ڈائریکٹر کرسٹیالینا جیورجیوا نے کہا کہ عالمی معیشت کو کورونا وائرس کے وباء کے باعث شدید نقصان کا سامنا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ بحران سنہ 2009 سے زیادہ نقصان دہ ہوسکتا ہے اور اس کے لیے غیر روایتی اقداما کرنے ہوں گے'۔