مرکزی وزیر خزانہ سیتارمن نے مہاجر مزدوروں کے معاملہ پر اپوزیشن جماعتوں خاص طورپر کانگریس کی صدر سونیا گاندھی سے سیاست چھوڑ کر حکومت کا ساتھ دینے کی اپیل کرتے ہوئے آج کہا کہ مہاجر، غریب اور کسانوں کو راحت پہنچانے کی مکمل کوشش کی جارہی ہے۔
محترمہ سیتارمن نے’آتم نربھر بھارت‘ مہم کے تحت پانچویں اور آخری قسط کے اعلان کے دوران ایک سوال کے جواب میں کہاکہ کانگریس کے رکن پارلیمان راہل گاندھی نے جس طرح سے مہاجر مزدوروں کے ساتھ فوٹو شوٹ کرایا ہے وہ ڈرامہ بازی ہے۔ مہاجرین کے ساتھ اس طرح کی ڈرامہ بازی کی نہیں بلکہ انہیں محفوظ گھر تک پہنچانے اور انہیں راحت پہنچانے کی ضرورت ہے، جو مرکزی حکومت کررہی ہے۔
انہوں نے کہاکہ مہاجرین کو بلانے کے معاملہ میں ریاستی حکومتوں نے مددگار پہل کی ہے لیکن کچھ ریاستی حکومتوں کا رویہ اطمینان بخش نہیں ہے۔ انہوں نے کانگریس کی صدر سے اس معاملہ پر سیاست نہیں کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ انہیں کانگریس کی حکمرانی والی ریاستوں کو زیادہ شرمک اسپیشل ٹرینوں کی اجازت دینے کے لیے کہنا چاہیے تاکہ زیادہ سے زیادہ مہاجر مزدور اپنے گھر واپس جاسکیں۔
انہوں نے کہاکہ شرمک اسپیشل ٹرین کے لیے 85 فیصد رقم مرکزی حکومت دے رہی ہے اور صرف 15 فیصد ریاستوں کو دینا ہوتا ہے۔ بھارتی ریلوے 1500 شرمک اسپیشل ٹرینیں چلانے کے لیے تیار ہے۔ انہوں نے کہاکہ اس کے ساتھ ہی غریبوں اور کسانوں کو بھی راحت پہنچانے پر زور دیا گیا ہے۔ غریبوں کو راشن کے ساتھ ہی مفت رسوئی گیس اور دیگر سہولیات دی گئی ہیں جبکہ پردھان منتر کسان یوجنا کے تحت 8.19کروڑ کسانوں کو دو دو ہزار روپے کی قسط جار ی کی جاچکی ہے۔