ممبئی: بی ایس ای کا سینسیکس صبح کی گراوٹ سے ابھرتا ہوا 374.87 پوائنٹس یعنی 0.79 فیصد اضافے کے ساتھ 48،080.67 پوائنٹس پر بند ہوا۔ نیشنل اسٹاک ایکسچینج کا نفٹی بھی 109.75 پوائنٹس یعنی 0.77 بڑ ھ کر 14،406.15 پوائنٹس پر پہنچ گیا۔ اس سے قبل دونوں انڈیکس منگل کو 11 ہفتوں سے زیادہ کی کم ترین سطح پر بند ہوئے تھے۔
شروعاتی وقت میں مارکٹ میں فروخت کا غلبہ رہا جس کی وجہ سے سینسیکس 500 پوائنٹس پھسل گیا تھا لیکن دوپہر ہوتے ہوتے یہ سبز نشان پر لوٹ آیا۔ بی ایس ای کا مڈ کیپ 0.28 فیصد کی مضبوطی کے ساتھ 19،921.07 پوائنٹس پر اور سمال کیپ بھی 0.59 فیصد چڑھ کر 20،898.53 پوائنٹس پر پہنچ گیا۔
سینسیکس کی کمپنیوں میں آئی سی آئی سی آئی بینک کا شیئر 3.60 فیصد، ایچ ڈی ایف سی کا 2.67 فیصد، بجاج آٹو 2.30 فیصد، ایچ ڈی ایف سی بینک 2.25 فیصد اور اسٹیٹ بینک آف انڈیا کا 2.12 فیصد مضبوط ہوا۔ ٹائٹن میں 2.75 فیصد کی گراوٹ رہی۔
بیرون ملک میں بیشتر اسٹاک مارکٹ ہرے نشان میں رہی۔ ایشیاء میں جاپان کا نکی 2.38 فیصد، ہانگ کانگ کے ہینگ سینگ 0.47 فیصد اور جنوبی کوریا کاکوسی 0.18 فیصد اضافہ کے ساتھ بند ہوا۔ چین کا شنگھائی کمپوزٹ 0.23 فیصد کی گراوٹ میں رہا۔ یورپ میں ابتدائی تجارت میں برطانیہ کا ایف ٹی ایس ای 0.07 فیصد اور جرمنی کا ڈیکس 0.48 فیصد مضبوط ہوا۔
یو این آئی