مہنگائی کے ہدف کے دائرے میں رہنے کے باوجود سست اقتصادی سرگرمیوں میں تیزی لانے کے مقصد سے ریزرو بینک نے پالیسی کی شرحوں میں 35بنیادی پوائنٹس کی کمی کی ہے، جس سے گھر،کار اور پرسنل لون سمیت سبھی قسم کے قرض کے سستے ہونے کی امید ظاہر کی جارہی ہے۔
ریزرو بینک کی مالیاتی پالیسی کمیٹی نے رواں مالی سال کی تیسری دوماہی جائزہ میٹنگ میں یہ فیصلہ کیا۔ پیر سے شروع ہوئی سہ روزہ میٹنگ کے بعد ریزرو بینک کے گورنر شکتی کانتا داس نے یہ اطلاع دی۔
داس کے گورنر بننے کے بعد سے مسلسل چوتھی بار شرحوں میں کمی کی گئی ہے۔ پہلے تین بار میں 0.75 فیصد یعنی 75بنیادی پوائنٹس کی کمی کی گئی تھی۔کل ملاکر چار بار میں اب تک 1.10فیصد یعنی 110بنیادی پوائنٹس کی کمی کی جاچکی ہے۔