راجستھان میں الور ضلع کے خوش کھیڑا تھانہ علاقہ میں جمعرات کے روز پلاسٹک کا سامان بنانے والی ایک فیکٹری میں آگ لگنے سے تقریباً 10 کروڑ روپے کا نقصان ہوا۔
پولیس تھانہ انچارج راماشنکر نے بتایا کہ' تقریبا تین بجے یہ اطلاع ملی کہ خوش کھیڑا میں واقع اوم پیکیجنگ لمیٹڈ میں آگ لگ گئی ہے۔
آگ کے بعد موقع پر پہنچی پولیس نے فائربریگیڈ کی گاڑیاں منگوائی اور قریب تین گھنٹے کی کوشش کے بعد آگ پر قابو پایا جاسکا۔ اس میں قریب 20 فائر انجنوں نے 50 سے زیادہ چکر لگائے۔
انہوں نے بتایا کہ آگ شارٹ سرکٹ سے لگنا بتایا جارہا ہے۔ ایک چنگاری سے پلاسٹک کے دانے نے آگ پکڑلی اور جلد ہی اس قدر خوفناک ہو گئی کہ اس نے پوری فیکٹری کو اپنی زد میں لے لیا۔
مسٹر راماشنکر نے بتایا کہ' جس فیکٹری میں آگ لگی اس کی ساتھ والی عمارت کو بچا لیا گیا ہے اور فیکٹری میں 10 کروڑ سے زائد سامان جلنے کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے۔
اس میں تمام مشینیں جل کر بے کار ہوگئیں، جبکہ دیگر اشیاء بھی راکھ ہوگئیں۔ اس فیکٹری میں پلاسٹک کے دانوں سے پلاسٹک کا سامان اور پیکنگ والی پننی بنا ئی جاتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ وقت کے ساتھ پولیس موقع پر پہنچ گئی اور تمام مزدوروں اور ملازمین کو باہر نکال دیا ، جس سے جانی نقصان نہیں ہوا۔