فوری قرض دینے والے ایسے ایپ جو لوگوں کو اپنے جال میں پھنسا کر ہراساں کرتے ہیں، انہیں فوراً بند کرنے کی ہدایت تلنگانہ ہائی کورٹ نے دی ہے۔ اس سلسلے میں ہائی کورٹ نے ریاست کے پولیس سربراہ کو ہدایت دی ہے۔
عدالت نے ساتھ ہی کہا کہ پلے اسٹور سے ربط پیدا کرتے ہوئے ان ایپز کو وہاں سے ہٹایا جائے۔ عدالت نے کہا کہ ایسے فراڈ ایپز کے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی بھی کی جائے'۔
مزید پڑھیں: بنگلہ دیش کا اقتصادی محاذ پر شاندار کارکردگی کا مظاہرہ
در اصل کلیان دیپ نامی ایڈوکیٹ کی جانب سے ان اپیز کو بلاک کرنے کی عرضی پر سماعت کرتے ہوئے ہائی کورٹ نے یہ ہدایت جاری کی۔
عرضی گذار نے کہا کہ' چین سے چلائے جانے والے ان ایپز سے اب تک قرض لینے والے کئی افراد نے خودکشی کرلی ہے کیونکہ قرض کی رقم کی واپسی کے باوجود انہیں ہراساں کیاجاتا تھا۔ اس پر ہائی کورٹ نے ڈی جی پی کو ہدایت دی کہ وہ اس پر خصوصی رپورٹ عدالت میں پیش کریں۔
حیدرآباد، سائبرآباد، رچہ کنڈہ پولیس کمشنریٹس میں ان ایپس کے ذمہ داروں کے خلاف درج معاملات سے متعلق رپورٹ بھی عدالت میں پیش کی جائے۔ عدالت نے اس معاملہ کی آئندہ سماعت 18مارچ تک ملتوی کردی۔
یواین آئی