ریاست کرناٹک کے ضلع یادگیر ضلع پنچایت چیف ایگزیکٹیو آفیسر شلپا شرما نے عہدیداران کو ہدایت دی ہے کہ وہ یادگیر ضلع میں بچوں کے تعلق سے اور ان کی صحت سے متعلق تفصیلی سروے کرتے ہوئے رپورٹ تیار کریں اور اس کام کو عہدیداران سنجیدگی سے لیں۔ کیونکہ ماہرین نے اس خدشہ کا اظہار کیا ہے کہ کووڈ کی تیسری لہر میں بچے زیادہ متاثر ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ اس سروے میں ہائی اسکول ٹیچرز، آنگن واڑی ورکرس، آشا ورکرس گھر گھر جا کر سروے کریں گے اور لوگوں کو واقف کروائیں گے کہ کووڈ کی تیسری لہر سے اپنے بچوں کو محفوظ رکھنے کے لئے رہنما اصولوں پر سختی سے عمل کریں۔ ساتھ ہی بچوں کی صحت پر بھی نظر رکھیں۔
شلپا شرما نے مزید کہا کہ معذور بچوں کی تفصیلات بھی ایک جگہ کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ یادگیر ضلع بھر میں سروے کیے جانے کے ساتھ ہی کووڈ کی تیسری لہر میں بچوں کے تحفظ اور راحتی کاموں کے لیے منصوبہ بندی کی جائے گی۔ اس موقع پر محکمہ تعلیمات کے ضلع افسر شانت گوڑا نے چیف ایگزیکٹیو آفیسر شلپا شرما کو تیقن دیا کہ محکمہ تعلیمات سروے کے لیے اپنا بھرپور تعاون دے گا۔