ریاست مغربی بنگال کے شمالی 24 پرگنہ ضلع کے بیشتر مقامات پر لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی کرنے والے دکانداروں کے خلاف سخت کارروائی کی گئی۔ ضلع میں 24 لوگوں کی گرفتاری عمل میں آئی ہے۔
مغربی بنگال میں پندرہ روزہ سخت ترین لاک ڈاؤن جاری ہے۔ دارالحکومت کولکاتا سمیت ریاست بھر میں اس کا گہرا اثر دیکھنے کو ملا ہے۔ کولکاتا سے متصل ضلع شمالی 24 پرگنہ کے مختلف مقامات پر کورونا گائیڈ لائن اور لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی کرتے ہوئے چند لوگوں کو پایا گیا۔ شمالی 24 پرگنہ ضلع کے ٹیٹا گڑھ، باراسات، اشوک نگر، بشیرہاٹ، کریم نگر، نواب گنج سمیت مختلف مقامات پر مقررہ وقت سے زیادہ تک دکانیں کھلی رکھنے والوں کے خلاف پولیس نے سختی برتی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ کورونا گائیڈ لائن کے مطابق صبح سات بجے سے لے کر صبح دس بجے اور شام پانچ بجے سے لے کر شام سات بجے تک ہی کھلی رہے گی۔ دکانداروں کو اس ہدایت پر عمل کرنا ہی پڑے گا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ صبح کے وقت طے شدہ شیڈول سے زیادہ دیر تک دکانیں کھلی رکھنے والوں کے خلاف مہم چلائی گئی۔
ذرائع کے مطابق مہم کے دوران 24 سے زیادہ دکانداروں کی گرفتاری عمل میں آئی ہے۔ ان لوگوں کے خلاف پنڈیمیک ایکٹ کے تحت کارروائی کی گئی ہے۔
واضح رہے کہ مغربی بنگال کے چیف سکریٹری الاپن بنرجی نے گزشتہ روز لاک ڈاؤن میں توسیع کا اعلان کرتے وقت ہی واضح کردیا تھا کہ کورونا گائیڈ لائن کی خلاف ورزی کسی بھی قیمت پر برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے بنگال کے عوام سے اپیل کی تھی کہ کورونا سے نمٹنے میں حکومت کے ساتھ تعاون کریں۔ اس کے ساتھ ہی انتباہ بھی دیا تھا کہ اس کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی اور جیل بھی جانا پڑ سکتا ہے۔