امریکہ کے دارالحکومت واشنگٹن میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب نے فیصلہ کیا تھا کہ شام اور افغانستان سے امریکی افواج کا انخلا یقینی بنائیں گے، لیکن سینیٹ نے اس فیصلے کی مخالفت کی ہے۔
اطلاع کے مطابق امریکی فوج کے شام اور افغانستان سے انخلا کے خلاف بل سینیٹ میں پیش کیا گیا، جبکہ اس بل کی حمایت میں 70 جبکہ مخالفت میں محض 26 ووٹ ڈالے گئے، اور اسے ناقابل منظور قرار دیا۔
سینیٹ میں پیش کیے جانے والے بل میں موقف اختیار کیا گیا کہ فوجی انخلا کے فیصلے سے علاقے کی سالمیت خطرے میں ہے، جبکہ شدت پسند تنظیمیں داعش اور القاعدہ دوبارہ اپنی جڑیں مضبوط کرسکتی ہیں۔
بل کے مطابق ان دونوں ملکوں سے انتہائی عجلت میں امریکی دستوں کا انخلا سخت مشکل سے حاصل کی جانے والی کامیابیوں کو ناکامی میں تبدیل کردے گا۔
واضح رہے کہ شام اور افغانستان سے امریکی فوج کی واپسی کے فیصلے پر صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو پارٹی کے اندر سے ہی مخالفت کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
خیال رہے کہ گذشتہ روز ری پبلکن سینیٹر مچ میک کونیل نے کہا تھا کہ داعش اور القائدہ سے اب بھی خطرات ہیں، اس لیے امریکی افواج کی واپسی سے قومی سلامتی خطرے میں پڑسکتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ جنگ زدہ علاقوں سے افواج کی واپسی تباہ کن ہوسکتی ہے، جبکہ یہ وقت انتہا پسندوں کے خلاف اتحادیوں کے ساتھ کھڑے ہونے کا ہے۔