پوائنٹس ٹیبل میں دوسرے مقام پر قابض نیوزی لینڈ کی ٹیم اس عالمی کپ میں اب تک ایک بھی میچ نہیں ہاری ہے، ٹورنامنٹ میں اس نے پانچ مقابلے کھیلے ہیں جن میں سے چار مقابلوں میں اسے جیت حاصل ہوئی ہے جبکہ بھارت کے خلاف اس کا میچ بارش کی وجہ سے منسوخ ہو گیا تھا۔
دوسری جانب ویسٹ انڈیز پانچ میچوں میں ایک جیت اور تین ہار کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل میں ساتویں مقام پر ہے جبکہ اس کا بھی ایک میچ بارش کی نذر ہو گیا تھا۔
ویسٹ انڈیز کو سیمی فائنل کی دوڑ میں برقرار رہنے کے لیے اپنے بقیہ چاروں میچ جیتنے ہوں گے، ایک بھی شکست اس کی امیدوں پر پانی پھیر دے گی۔
ایک جانب جہاں نیوزی لینڈ نے اب تک پورے ٹورنامنٹ میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے وہیں ویسٹ انڈیز کی ٹیم اس عالمی کپ میں اپنا اثر چھوڑنے میں ناکام رہی ہے، ویسٹ انڈیز نے واحد مقابلہ پاکستان کے خلاف جیتا تھا جبکہ نیوزی لینڈ نے اپنے گزشتہ مقابلے میں جنوبی افریقہ جیسی مضبوط ٹیم کو شکست دی ہے۔