مہاراشٹر میں کانگریس پارٹی اور اس کی حلیف شیوسینا کے مابین تناو نے اس وقت نیا رخ اختیار کیا جب وزیر اعلی ادھو ٹھاکرے نے خود انحصاری کے نعرے پر نکتہ چینی کی۔ کانگریس کا نام لئے بغیر ، ادھو نے کہا کہ ان وبائی حالات میں اقتدار کے خواہشمند سیاسی اقدامات کو عوام کی منظوری نہیں ملے گی۔
کانگریس پارٹی کے اگلے بلدیاتی اور اسمبلی انتخابات میں تنہا لڑنے کے فیصلے پر، ٹھاکرے نے کہا کہ 'ہم کسی کی پالکی نہیں لے کر جائیں گے۔ ہم پھٹے ہوئے جوتے پہنیں گے ، لیکن ہم اپنے پیروں پر قائم رہیں گے۔ ' انہوں نے یہ رائے شیوسینا کے یوم تاسیس کے موقع پر پارٹی ارکان سے اپنے ورچوئل خطاب کے دوران دی۔ انہوں نے کہا کہ شیوسینا انصاف کے حق کے لیےپیدا ہوئی ہے۔
کانگریس کے ریاستی صدر نانا پٹولے نےاعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ پارٹی اپنے طور پر انتخابات لڑے گی۔ پٹولے نے یہ بھی کہا کہ وہ اگلے اسمبلی انتخابات میں وزیر اعلی کے عہدے کے لئے انتخاب لڑنے کے لئے راضی ہیں۔
شیوسینا، کانگریس پارٹی اور نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کے ساتھ مہاراشٹر حکومت میں شراکت دار ہے جو 2019 میں انتخابات کے بعد تشکیل دی گئی۔ ریاست میں اگلے انتخابات 2024 میں ہوں گے۔