کرناٹک کے وزیر باغبانی اور یادگیر ضلع نگران شنکر نے کہا کہ ریاستی حکومت نے مختلف محکموں میں خدمات انجام دینے والوں کے لئے علاحدہ سے کووڈ کیر سنٹر کے قیام کے لیے اجازت دے دی ہے۔ جن محکموں کے ملازمین علاحدہ کووڈ کیر سنٹر کے قیام کے تعلق سے حکومت سے اپیل کریں گے اسے حکومت سنجیدگی سے لے گی۔
انہوں نے کہا کہ یادگیر میں ٹیچرز کے لئے کووڈ کیر سینٹر قائم کیا جائے گا۔ اس ضمن میں جلد ہی اقدامات کئے جائیں گے۔ وزیر شنکر نے محکمہ تعلیمات کے ذمہ داران کو ہدایت دی کہ جن ٹیچرز کی کووڈ ڈیوٹی کے دوران موت ہوئی ان کی یاد میں شجرکاری کی جائے اور انھیں خراج پیش کیا جائے۔
واضح رہے کہ ریاست میں ہوئے ضمنی وبلدی انتخابات میں ٹیچرز کی خدمات حاصل کی گئی تھیں۔ اس کے علاوہ محکمہ صحت کے تعاون سے کئی ٹیچرز اپنی خدمات انجام دے رہے ہیں۔