ایران کے دارالحکومت تہران میں صدر حسن روحانی نے امریکہ کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران عظیم ترین ملک ہے، اس کو ڈرایا دھمکایا نہیں جاسکتا۔
اطلاع کے مطابق ایرانی صدر نے کہا کہ اسلامی جمہوریت عظیم ترین ہے اس کو ڈرایا نہیں جاسکتا، ہم اس مشکل دور کو بھی وقار کے ساتھ گزار لیں گے۔
میڈیا رپورٹز کے مطابق ایرانی حکومت کی سرکاری ویب سائٹ پر جاری بیان میں کہا گیا کہ صدر حسن روحانی سنی علما سے ملاقات کے دوران ان باتوں کا اظہار کررہے تھے۔
دوسری جانب امریکی فوج نے ایران کے ساتھ کشیدگی اور ممکنہ محاذ آرائی کے خدشے کے پیش نظر بی 52 جنگی طیاروں کے بعدایف 15 اور ایف 35 جہاز بھی خلیجی ممالک کے اڈوں پر پہنچا دیئے ہیں۔
خیال رہے کہ امریکی فضائیہ کی جانب سے قطر میں موجود امریکی فوجی اڈے پر بی 52 ایچ جنگی جہاز کی موجودگی کی تصاویر جاری کی گئی تھیں۔
اسی ضمن میں امریکی فضائیہ کا کہنا تھا کہ بمبار طیارے جنوب مغربی ایشیائی ملکوں میں بھی پہنچ گئے ہیں تاہم ان کے ٹھکانوں کے بارے میں نہیں بتایا گیا۔