شمالی کوریا کے وزیرخارجہ نے کہا کہ امریکہ عارضی پابندیاں ختم کرے تو شمالی کوریا اپنا ایک جوہری پلانٹ مکمل طور پربند کرنے کے لیے تیار ہے۔
شمالی کورین وزیرخارجہ ری یونگ کا کہنا ہے کہ امریکہ اگر ہماری شہری معیشت اور ہمارے لوگوں کی زندگیوں پر اثرانداز ہونے والی پابندیاں ختم کرتا ہے تو ہم امریکی ماہرین کی موجودگی میں یونگ بیون کی جوہری تنصیبات کا مکمل طور پرخاتمہ کردیں گے۔
خیال رہے کہ امریکہ اور شمالی کوریا سربراہان کی دوسری ملاقات بغیر کسی معاہدے کے ختم ہوگئی ہے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ہم شمالی کوریا کی جانب سے پابندیوں کا خاتمہ کرنے کا مطالبہ نہیں مان سکتے۔
امریکہ کے صدر ڈونالڈ ٹرمپ اور شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ ان کے درمیان سربراہی مذاکرات کے دوران شمالی کوریا نے مکمل نہیں بلکہ جزوی پابندی ہٹانے کی درخواست کی ہے۔
مقامی میڈیا نے جمعرات کو شمالی کوریا کے وزیر خارجہ ری یونگ ہو کے حوالہ سے یہ رپورٹ دی تھی۔
اطلاع کے مطابق شمالی کوریا نے مطالبہ کیا کہ اپنے اہم ایٹمی ری ایکٹر کو ختم کرنے کے بدلے میں امریکہ جزوی طور پر پابندی ہٹائے۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ امریکہ نے زور دیا کہ شمالی کوریا يونگبيون میں اپنا اہم جوہری ری ایکٹر ختم کرنے کو لے کر 'ایک اور' قدم بڑھائے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ امریکہ کی جانب سے آگے کی بات چیت کے لیے درخواست کے باوجود شمالی کوریا کا جوہری ترک اسلحہ معاہدے کی صورت میں تبدیلی نہیں ہو گی۔
وزیرخارجہ نے اس بات پر بھی زور دیا کہ شمالی کوریا جوہری اور طویل فاصلے کے میزائل تجربات کو روکنے کے لیے ایک تحریری معاہدے پر دستخط کرنے کے لیے تیار ہے۔