ملک بھر میں کورونا کی ہلاکت خیزی کے سبب کورونا سے متعلق دوائیوں کی قیمیتیں بھی اب آسمان چھورہی ہیں، کورونا سے کچھ حد تک بچانے والے انجیکشن ریمڈیسویر کی اب بلیک مارکٹنگ ہونے لگی ہے۔ چوروں و ڈاکوؤں کو لوٹنے کا موقع ہاتھ آگیا ہے۔ گجرات کے ضلع وڈوڈرا میں بھی ایسا ہی ایک واقعہ پیش آیا، تاہم اس سلسلہ میں پولیس نے پانچ افراد کو حراست میں لے لیا ہے۔ پولیس کے مطابق ملزم کی شناخت وکاش پٹیل، جتِن پٹیل، مدن شاہ، وویک شاہ اور رشی کے نام سے ہوئی ہے۔
وڈوڈرا کے پولیس کمشنر شمشیر سنگھ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ "اس گروہ میں فارماسسٹ، میڈیکل اسٹورز اور میڈیکل سپلائی کرنے والی ایجنسیاں شامل تھیں۔ اب تک وہ 300 سے 400 انجیکشن بیچ چکے ہیں۔ سنگھ نے کہا کہ "ملزم سے 90 انجیکشن کے علاوہ 2 لاکھ روپے بھی برآمد ہوئے ہیں۔" جب کہ معاملے کی تحقیقات مزید جاری ہیں۔
اس سلسلہ میں وڈوڈرا کے پولیس کمشنر شمشیر سنگھ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انتباہ دیا کہ کورونا میں ریمڈیسویر نامی مؤثر انجیکشن کی بلیک مارکٹنگ کو برداشت نہیں کیا جائے گا اور مختلف دفعات کے تحت سخت کارروائی کی جائے گی۔