جاپان کے محکمہ موسمیاتی سائنس ایجنسی کے مطابق ریکٹرا سکیل پر زلزلہ کی شدت 5.9 تھی۔
زلزلے کے یہ جھٹکے مقامی وقت کے مطابق پیر کی صبح دو بجکر 11 منٹ پر محسوس کیے گئے۔
زلزلہ کا مرکز 36.8 ڈگری شمالی طول البلد اور 142.5 ڈگری مشرقی طول البلد میں زمین کی سطح سے 10 کلومیٹر کی گہرائی میں تھا۔
صوبہ هوكائیڈو کے کچھ علاقوں میں بھی زلزلہ کے ہلکے جھٹکے محسوس کیے گئے۔
زلزلہ کے 13 منٹ بعد اسی علاقے میں دوبارہ جھٹکے محسوس کیے گئے جس کی شدت ریکٹرا سکیل پر 5.1 تھی۔ زلزلہ کی وجہ سے سونامی سے متعلق کوئی وارننگ جاری نہیں کی گئی۔
دوسری طرف دارالحکومت کے علاوہ ملک کے کئی دیگر شہروں میں بھی 11مارچ 2011 کے یادگاری تقریبات منعقد کی گئیں، جن میں شرکا نے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی۔
آٹھ برس قبل آج ہی کے روز اس دوہری قدرتی آفت کے نتیجے میں 20 ہزار کے قریب لوگوں کی جانوں کا زیان ہوا تھا۔
خیال رہے کہ سب سے زیادہ تباہی شمال مشرقی جاپان میں توہوکُو کے علاقے میں ہوئی تھی۔
اس زلزلے اور سونامی سے فُوکُوشیما کے جوہری بجلی گھر کو بھی شدید نقصان پہنچا تھا، فُوکُوشیما کے تباہ شدہ بجلی گھر کی دوبارہ مکمل تعمیر میں ابھی کئی دہائیاں لگیں گی۔
آج کے زلزلے میں جانی و مالی نقصانات کی تفصیلات کا انتظارہے۔