بی جے پی نے اپنے دعوے کے مطابق ہندی بیلٹ کی 14 ریاستوں میں تنہا اپنے دم پر اور دو ریاستوں میں اپنے اتحادیوں کے ساتھ مل کر 50 فیصد سے زیادہ ووٹ حاصل کرنے میں کامیابی حاصل کر لی ہے۔
بی جے پی انتخابات سے پہلے کہہ رہی تھی کہ اس بار اس کا مقصد 50 فیصد ووٹ حاصل کرنا ہے اور ہندی بیلٹ میں بی جے پی نے اپنا ہدف پورا کیا۔
ملک کی سب سے بڑی ریاست اتر پردیش میں بی جے پی کو 49.56 فیصد ووٹ ملے ہیں اور اس نے 62 سیٹیں جیتی ہیں۔ گزشتہ انتخابات میں ریاست میں اس کو 42.63 فیصد ووٹ ملے تھے اور 71 نشستیں اس کی جھولی میں گئی تھیں۔
دیگر ریاستوں میں گجرات، راجستھان، مدھیہ پردیش، ہریانہ، جھارکھنڈ، دہلی، چنڈی گڑھ، اتراکھنڈ اور ہماچل پردیش میں اس نے اکیلے ہی 50 فیصد سے زیادہ ووٹ حاصل کیے ہیں۔مہاراشٹر اور بہار میں اس نے اتحادیوں کے ساتھ مل کر 50 فیصد سے زیاد ہ ووٹوں پر قبضہ کیا ہے۔
گجرات میں پارٹی کو 62.21 فیصد ووٹ ملے اور تمام 26 نشستیں اس کی جھولی میں چلی گئیں۔ پچھلی بار 60.11 فیصد ووٹوں کے ساتھ اس نے تمام سیٹیں جیتی تھیں۔ راجستھان میں 58.47 فیصد ووٹوں کے ساتھ پارٹی نے 25 میں سے 24 سیٹوں پر اپنا پرچم لہرایا ہے۔ پچھلی بار وہاں 55.61 فیصد ووٹ حاصل کر کے اس نے تمام 25 سیٹوں پر قبضہ کیا تھا۔