این آر ایس اسپتال میں جونیئر ڈاکٹرز کے نمائندوں نے ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہاکہ ''ہم وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی کا شکریہ ادا کرتے ہیں کہ انہوں نے ہمارے مطالبات پر غور کیا اور ہمارے نمائندوں سے ملاقات کے دوران یقین دہانی کرائی ہے کہ وہ ہمارے مطالبات پر عمل کرنے کو تیار ہیں''۔
اس کے لیے ہم حکومت کو مزید وقت دینا چاہتے ہیں اس لیے اب ہڑتال کو ختم کیا جارہا ہے۔ تحریری بیان کو پڑھتے ہوئے ڈاکٹرز کے نمائندوں نے کہا کہ ہم ملک بھر کے اپنی ساتھی ڈاکٹروں اور عام لوگوں کا شکریہ ادا کرتے ہیں جنہوں نے اس درمیان ہماری حمایت کی۔
جونیئر ڈاکٹروں کے نمائندوں نے میڈیا اہلکاروں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے وزیرا علیٰ ممتا بنرجی سے کہا ہے کہ ڈاکٹروں کے ساتھ مارپیٹ کسی بھی صورت میں برداشت نہیں کی جائے گی۔ نمائندوں نے کہا کہ ڈاکٹروں کے ساتھ صرف بنگال میں ہی نہیں ملک کے دیگر حصوں میں بھی مارپیٹ کے واقعات پیش آتے ہیں۔ اس لیے یہ تحریک صرف کسی بھی حکومت کے خلاف نہیں تھی۔
نمائندوں نے کہا کہ ہم عوام سے معافی مانگتے ہیں کہ اس ہڑتال کی وجہ سے انہیں کافی پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑا۔ مگر ہماری بھی مجبوری تھی، مارپیٹ کے واقعات سے ہم پریشان تھے۔ ہم عوام سے اپیل کرتے ہیں کہ اگر ہم سے غلطی ہوسکتی ہے تو اس کے خلاف شکایات کریں اور قانونی چارہ جوئی کریں مگر ڈاکٹروں کے ساتھ کہیں بھی اور کبھی بھی مارپیٹ نہ کریں۔
اس سے قبل وزیرا علیٰ ممتا بنرجی کے ساتھ ریاستی سیکریٹریٹ میں جونیئر ڈاکٹروں کے نمائندوں کی ڈیڑھ گھنٹے سے زائد وقفے تک ملاقات ہوئی۔
جونیئر ڈاکٹروں نے وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی سے شکایات کی کہ این آر ایس اسپتال میں ہمارے ساتھ مارپیٹ ہونے کے بعدآپ نے اسپتال کا دورہ نہیں کیا، وزیراعلیٰ نے کہا کہ این آر ایس اسپتال میں مارپیٹ کا واقعہ پیش آنے کے فوراً بعد ریاستی وزیر مملکت صحت چندریما بھٹاچاریہ نے آپ سے ملاقات کی، اس کے بعد کلکتہ پولس کمشنر اور پرنسپل سیکریٹری محکمہ صحت ملاقات کرنے کیلئے پہنچے مگر آپ لوگوں نے بات چیت نہیں کی۔ وزیرا علیٰ نے کہا کہ وہ مستقل رابطے میں تھیں۔ یہاں تک کہ حملے میں زخمی ڈاکٹر کا آپریشن دو گھنٹے تک ہوا اور وہ اس درمیان بھی بات چیت کرتی رہیں۔
وزیرا علیٰ ممتا بنرجی نے ریاست کے تمام سرکاری ہسپتالوں میں ڈاکٹروں کی سکیورٹی کیلئے نوڈل آفیسر بحال کرنے کا اعلان کرتے ہوئے اس پرجلد از جلد عمل کرنے کی پولس انتظامیہ کو ہدیت دی ہے۔
ایک ہفتہ سے احتجاج کررہے جونیئر ڈاکٹروں نے ممتا بنرجی سے ملاقات کے دوران کئی اہم مطالبات اور سرکاری اسپتالوں میں سیکورٹی کے انتظامات سے متعلق سوالات وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی سے کیاتو وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے میٹنگ میں موجود جونیئر پولس افسران کو ہدایت دی ہے کہ ہر ایک اسپتال میں نوڈل آفیسر کی تقرری کی جائے۔
اس میٹنگ کو کوریج کرنے کیلئے صرف دو مقامی نیوز چینلوں کو لائیو کوریج کرنے کی اجازت دی گئی تھی۔جونیئر ڈاکٹروں نے کہا کہ مارپیٹ کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔