اسمبلی انتخابات کے نتائج سامنے آنے کے بعد سے ہی بی جے پی رہنماؤں کی جانب سے پارٹی چھوڑنے کا سلسلہ جاری ہے۔ گذشتہ 3 روز کے دوران بی جے پی کے تین اہم رہنماؤں نے ترنمول کانگریس میں دوبارہ شمولیت اختیار کرنے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔
ترنمول کانگریس کو چھوڑ کر بی جے پی میں شامل ہونے والی مالدہ ضلع کی خاتون رہنما سرلا مرمو نے وزیراعلیٰ ممتا بنرجی کو خط لکھ کر معافی مانگی ہے۔
وزیراعلیٰ ممتا بنرجی کے نام خط میں سرلا دیوی مرمو نے لکھا ہے کہ ان کے سیاسی کیریئر میں بی جے پی میں شامل ہونا، سب سے بڑی غلطی تھی۔ اپنی غلطی کو سدھارنے کے لیے ترنمول کانگریس میں دوبارہ شامل ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ میں ممتا بنرجی سے رابطہ کرنے کی کوشش کر رہی ہوں۔ سرلا مرمو نے کہا کہ ’میں نے اپنے فیصلہ سے بی جے پی پارٹی کو مطلع کردیا ہے اور اب میں آزاد ہوں۔ میں کسی بھی وقت ترنمول کانگریس میں دوبارہ شامل ہوں جاؤں گی‘۔
ترنمول کانگریس کے قومی ترجمان کنال گھوش کا کہنا ہے کہ سرلا مرمو ہی نہیں بلکہ اسمبلی انتخابات سے قبل جتنے رہنما بی جے پی میں شامل ہوئے تھے، وہ تمام دوبارہ پارٹی میں شامل ہونے کا ارادہ رکھتے ہیں۔
وہیں، بی جے پی کے ریاستی نائب صدر جے پرکاش مجمدار نے کہا کہ سرلا مرمو کو ہاتھ پکڑ کر پارٹی میں شامل نہیں کیا گیا تھا، وہ اپنی مرضی سے ترنمول کانگریس کو چھوڑ کر بی جے پی میں شامل ہوئی تھیں، وہ اپنی مرضی سے کہیں بھی جانے کے لیے آزاد ہیں۔'