صدر رام ناتھ كووند، وزیراعظم نریندر مودی اور کانگریس صدر راہل گاندھی سمیت مختلف پارٹیوں نے جلیاں والا باغ کے قتل عام کے 100 برس مکمل ہونے کے موقع پر تمام ہلاک شدہ لوگوں کوخراج عقیدت پیش کیا۔
صدر رام ناتھ كووند نے ٹوئٹر پر لکھا '100 برس پہلے آج ہی کے دن، ہمارے پیارے مجاہدین آزادی جلیاں والا باغ میں شہید ہوگئے تھے، وہ خوفناک قتل عام تہذیب پر کلنک ہے، قربانی کا وہ دن بھارت کبھی فراموش نہیں کرسکتا، ان کی مقدس یاد میں جلیاں والا باغ کے شہیدوں کو خراج تحسین'۔
وزیراعظم نے بھی ٹوئٹ کیا 'آج، خوفناک جلیاں والا باغ قتل عام کے 100 برس پورے ہو گئے، ملک اس دن شہید ہونے والے تمام لوگوں کو خراج عقیدت پیش کرتا ہے، اور ان کی بہادری و قربانی کو کبھی بھلایا نہیں جا سکے گا، ان کی یاد ہمیں ایسے بھارت کی تعمیر کے لیے زیادہ محنت کرنے کی ترغیب دیتی ہے جس پر انہیں فخر ہو'۔
کانگریس صدر راہل گاندھی نے پنجاب میں امرتسر کے جلیاں والا باغ میں واقع یادگار پر شہیدوں کو خراج عقیدت پیش کیا، اس دوران مسٹر گاندھی کے ساتھ پنجاب کے وزیراعلی امریندر سنگھ اور ریاستی وزیر نوجوت سنگھ سدھو بھی موجود تھے۔
یاد رہے کہ 100 برس پہلے آج ہی کے دن یعنی 13 اپریل سنہ 1919 کوامرتسر کے جلیاں والا باغ میں ایک پرامن طریقے سے اجتماع کر رہے ہزاروں بھارتیوں پر برطانوی افسر بریگیڈیئر جنرل ریجنالڈ ڈائر اور لیفٹیننٹ گورنر مائیکل او ڈائر نے گوليا ں چلوائی تھیں، جس میں ہزاروں بھارتی شہید ہوگئے تھے۔