پارل: پیر کو کھیلے گئے گروپ اے کے میچ میں میزبان ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 132 رن بنائے جس کے جواب میں نیوزی لینڈ کی ٹیم 67 رن پر آل آؤٹ ہوگئی. پرل کے بولانڈ پارک میں جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ ابتدائی جھٹکوں کے بعد کلو ٹاریون نے 34 گیندوں پر چھ چوکوں کی مدد سے 40 رن بنا کر جنوبی افریقہ کو باعزت اسکور تک پہنچا دیا۔ اس کے علاوہ نادین ڈی کلرک نے ناٹ آؤٹ 28 جبکہ کپتان سن لوس نے 22 رن کی اننگز کھیلی۔
جنوبی افریقی گیند بازوں نے اس چھوٹے اسکور کا چست گیند بازی سے دفاع کیا۔ ہدف کے تعاقب میں نیوزی لینڈ کی آٹھ بلے باز ڈبل فیگرز کو بھی نہ چھو سکیں جبکہ کپتان سوفی ڈیوائن صرف 16 رن ہی بنا سکیں۔ اس کے علاوہ ایمیلیا کیر نے 10 اور جیس کیر نے 11 رن کا تعاون کیا۔ نونکولولیکو ملابا نے جنوبی افریقی بالنگ کی قیادت کی۔ انہوں نے اپنے چار اووروں میں محض دس رن دے کر تین وکٹ حاصل کئے۔
اس کے علاوہ ٹریون (3 اوورز، 12 رن) اور ماریزانے کیپ (2.1 اوورز، 13 رن) نے دو دو وکٹ حاصل کئے جب کہ شبنم اسمعیل اور ایابونکا کھاکا نے ایک ایک کامیابی حاصل کی۔ گروپ اے میں جنوبی افریقہ ایک جیت اور ایک ہار کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے جبکہ نیوزی لینڈ اپنے دونوں میچ ہارنے کے بعد ٹیبل میں پانچویں اور آخری نمبر پر ہے۔
یہ بھی پڑھیں:Shubhman Gill Player of the Month : شبمن گل مہینہ کے بہترین کھلاڑی منتخب
یو این آئی