قانون دانوں کی ایک اہم عالمی تنظیم بین الاقوامی کونسل آف جیورسٹس (آئی سی جے) نے عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ کورونا وائرس کے بارے میں وائٹ پیپر جاری کرے۔
آئی سی جے نے ڈبلیو ایچ او کے ڈائریکٹر جنرل کو ایک خط لکھا ہے جس میں ان سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ دنیا بھر میں پیدا ہونے والے شکوک و شبہات اور سوالات کے جواب دینے کے لئے کورونا وائرس کی اصلیت کے بارے میں قرطاس ابیض جاری کرے۔ آئی سی جے نے کورونا وائرس سے متعلق تمام سائنسی وطبی معلومات اور اطلاعات جاری کرنے پر بھی زور دیا ہے۔
آئی سی جے کے صدر اور سینئر ایڈوکیٹ آدیش سی اگروال نے کہا کہ وائرس کی جنیسیس کے بارے میں بہت شکوک و شبہات پائے جاتے ہیں۔ نہ صرف یہ بلکہ اس کے پھیلاؤ کے بارے میں مختلف سائنسی، طبی اور میڈیا رپورٹوں سے بھی اس طرح کے شکوک اور خدشات کو تقویت مل رہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: دنیا بھر میں کورونا سے تقریباً 35 لاکھ افراد ہلاک
آدیش اگروال نے کہا کہ آئی سی جے نے ان خبروں کے تناظر میں ڈبلیو ایچ او سے اپیل کی ہے جن میں مبینہ طور پر کہا جا رہا ہے کہ اس کورونا وائرس کو ووہان کی ایک لیبارٹری میں مصنوعی طریقے سے تیار کیا گیاہے۔ انہوں نے کہا کہ آئی سی جے نے ڈبلیو ایچ او سے درخواست کی ہے کہ وہ کورونا وائرس کی اصلیت کے بارے میں دنیا بھر میں پیدا ہونے والے شبہات اور سوالات کا جواب دینے کے لئے قرطاس ابیض جاری کرے۔ اگر ڈبلیو ایچ او کی طرف سے ان تمام معلومات کو قرطاس ابیض کی شکل میں جاری کیا جاتا ہے تو اس سے ڈبلیو ایچ او کے اعتبار میں اضافہ ہوگا۔
یو این آئی