گذشتہ ایک ہفتہ میں تقریباً 53 افراد کے اس وبا سے مثبت پائے جانے کے بعد یہاں رہنے والے چوکس ہوگئے ہیں۔ وائرس کو مزید پھیلنے سے روکنے کیلئے پنچایت کی انتظامی کمیٹی نے اپنے طور پر لاک ڈاون نافذ کیا ہے۔ دیہی ترقی کمیٹی کے صدرنشین تروپتی نے کہا کہ ایک شخص کی علاج کے دوران اسپتال میں موت ہوگئی۔
اس علاقہ میں کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے معاملات پر ہی لاک ڈاون نافذ کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کووڈ کے اصولوں کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ گرام پنچایت کی جانب سے اس خصوص میں ایک قرارداد بھی منظور کی گئی۔
گرام پنچایت نے عوام سے خواہش کی ہے کہ وہ ضرورت کے مطابق ہی گھروں سے باہر نکلیں۔ اسپتالوں اور میڈیکل شاپس کو اس سے مستثنی رکھا گیا ہے۔ یہ بھی کہا گیا کہ ہر کسی کو گرام پنچایت کے ان احکام پر عمل کرتے ہوئے ماسک کا استعمال کرنا چاہئے اور سماجی فاصلہ کی برقراری کو یقینی بنانا چاہئے۔