نئی دہلی: نائب صدر جگدیپ دھنکھڑ اور لوک سبھا کے اسپیکر اوم برلا نے بیساکھی، میشادی، ویشکھڑی، پوٹھنڈو، ویشو، نبا برسا اور بوہگ بیہو کے موقع پر ہم وطنوں کو مبارکباد دی ہے۔ جمعرات کو یہاں جاری ایک پیغام میں نائب صدر کے سیکرٹریٹ نے کہا کہ ملک کے مختلف حصوں میں مختلف ناموں سے منائے جانے والے یہ تہوار ہماری متنوع ثقافت اور روایات کا لازمی حصہ ہیں، جو اتحاد، ہم آہنگی اور بھائی چارے کے جذبے کی علامت ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم قدرت کی فراوانی اور بھرپور فصل کی برکات کا جشن مناتے ہیں۔ آئیے ہم فطرت کے ساتھ اپنے تعلقات اور ان دیرپا قدرتی وسائل کی حفاظت اور تحفظ کی ہماری ذمہ داری پر غور کرنے کے لیے ایک لمحہ نکالیں۔ ہمیں اپنے کسانوں کی لگن کو بھی گہرے احترام اور شکرگزار کے ساتھ تسلیم کرنا چاہیے، جو ہمیں خوراک اور غذائیت فراہم کرنے کے لیے انتھک محنت کرتے ہیں۔
دھنکھڑ نے کہاکہ 'بیساکھی، میشادی، ویشاکھڑی، پوٹھنڈو، ویشو، نبا برسا اور بوہگ بیہو کے پرمسرت موقع پر میں اپنے تمام شہریوں کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد اور نیک خواہشات پیش کرتا ہوں۔ اس پرمسرت موقع پر آئیے ہم اتحاد، تنوع اور جامعیت کی اقدار کے لیے اپنی وابستگی کو مضبوط کریں جو ہماری عظیم قوم کی تعریف کرتی ہیں۔ آئیے اپنے اختلافات کو بھلا کر اپنی مشترکہ انسانیت کو منائیں اور گلے لگائیں۔ دعا ہے کہ یہ تہوار سب کے لیے خوشی اور خوشحالی لائے'
وہیں اس موقع پر اوم برلا نے کہا کہ ہمارے خوراک فراہم کرنے والے کسانوں کے لیے بیساکھی کا تہوار خاص اہمیت کا حامل ہے۔ اس دن ہم نئی فصل کا جشن مناتے ہیں اور جوش اور ولولے کے ساتھ فطرت اور زمین کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ یہ تمام تہوار ہمیں مل جل کر رہنے اور آگے بڑھنے کی ترغیب دیتے ہیں۔ ان تہواروں سے ہمارے افسانوی اور سماجی عقائد بھی جڑے ہوئے ہیں۔
یو این آئی