اترپردیش مدارس عربیہ ٹیچرز ایسوسی ایشن کے ضلع صدر نبی جان نے ای ٹی وی بھارت سے بات کرتے ہوئے کہا کہ بنارس کے اقلیتی افسر گزشتہ آٹھ دن سے بنارس کے سبھی مدارس کے اساتذہ کی تنخواہ روکے ہوئے ہیں اور زبانی طور پر یہ کہہ رہے ہیں کہ جب تک مانو سمودا پورٹل پر سبھی اساتذہ کی تفصیلات درج نہیں ہوتی تب تک تنخواہ جاری نہیں کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ جبکہ اس سلسلے میں نہ ہی مدرسہ بورڈ کے رجسٹرار کا کوئی تحریری حکم نامہ ہے اور نہ ہی حکومت اترپردیش نے کوئی ایسا آرڈر جاری کیا ہے۔ یہ بنارس کے اقلیتی افسر کی من مانی کا ہی نتیجہ ہے کہ وہ مدارس کے اساتذہ سے اچھا سلوک نہیں کرتے ہیں، اور تنخواہ روک کر اساتذہ کا استحصال کر رہے ہیں۔
انہوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ مدارس کے اساتذہ کو پورٹل پر اپنی تفصیلات درج کرانے میں مختلف طرح کی صعوبتیں دریش ہیں جن کو حل کرنے کے لیے اقلیتی افسر سے گزارش کی جاتی ہے کہ اس کا کوئی حل نکالیں لیکن بار بار کہنے کے باوجود اقلیتی افسر مدارس کے اساتذہ پر ہی برہم ہوتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اگر اقلیتی افسر کا یہی رویہ رہا تو ہم اپنے وفد کے ساتھ ضلع مجسٹریٹ سے فریاد کریں گے مدارس کے اساتذہ کے استحصال پر قدغن لگائیں۔