مغربی بنگال کے مالدہ ضلع کے کالیا چک تھانہ کے تحت بابر ہاٹ گرام میں واقع لیچی بگان میں دیسی ساختہ بم پھٹنے سے دو لڑکے زخمی ہوگئے۔ اس حادثے کے بعد بابر ہاٹ گرام علاقے میں سنسنی پھیل گئی۔ جائے وقوع پر لوگوں کی بھیڑ امڈ پڑی۔ زخمیوں کو ضلع ہسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق کالیا چک تھانہ کے تحت بابر ہاٹ گرام میں واقع لیچی بگان میں لکڑیاں چُن رہے دو لڑکوں کی نظر ایک لاوارث پلاسٹک کے ڈرام پر پڑی۔ دونوں لڑکوں کی ڈرام کھولنے کی کوشش کے دوران اس میں رکھے دیسی ساختہ بم پھٹ پڑے جس میں دونوں شدید طور پر زخمی ہو گئے۔
اس حادثے کی اطلاع پاکر کالیا چک تھانے کی پولیس جائے وقوع پر پہنچی اور تفتیش شروع کر دی۔ زخمیوں کو ضلع ہسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ زخمیوں کی شناخت نور الاسلام اور جشیم شیخ کے طور پر ہوئی ہے۔ نور الاسلام کو شدید چوٹیں آئی ہیں اور اس کا دائیں ہاتھ کو کافی نقصان پہنچا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:
عالیہ یونیورسٹی بحران: طلبا میں محکمہ اقلیتی امور و مدرسہ تعلیم کے تئیں ناراضگی
پولیس نے مزید کہا کہ بگان سے سات تازہ بم بھی برآمد کیے گئے ہیں۔ پورے معاملے کی تفتیش کی جا رہی ہے۔ اس معاملے میں نامعلوم افراد کے خلاف شکایت درج کرائی گئی ہے۔
نور الاسلام کی ماں عالیہ بی بی کا کہنا ہے کہ بچے لکڑی لینے کے لئے بگان میں داخل ہوئے تھے۔ ایک زوردار دھماکے کی آواز آئی۔ لوگوں سے پتہ چلا کہ ان کا بیٹا شدید طور پر زخمی ہو گیا ہے۔
جشیم کی ماں مرشدا بی بی کا کہنا ہے کہ ان کا بیٹا شدید طور پر زخمی ہو گیا ہے۔