لندن: ایلون مسک نے ٹویٹر کے مشہور لوگو بلیو برڈ کو تبدیل کردیا ہے اس کی جگہ اپنا ایک نیا بلیک اینڈ وائٹ ایکس 'X' لوگو کی نقاب کشائی کی ہے اور پیر کو ٹویٹر کے سان فرانسسکو ہیڈ کوارٹر پر پیش کیے گئے ٹویٹر لوگو ایکس ڈیزائن کی ایک تصویر بھی پوسٹ کی۔ ایلون مسک اپنے اس سوشل میڈیا پلیٹ فارم کی ایک بڑی ری برانڈنگ کر رہے ہیں جسے انھوں نے پچھلے سال 44 بلین امریکی ڈالر میں خریدا تھا۔ ٹوئٹر کی چیف ایگزیکٹو لینڈا یاکارینو نے آج صبح ٹوئٹر کا لوگو تبدیل کرنے کے حوالے سے ٹوئٹ کیا جس کے بعد ٹوئٹر کا لوگو باضابطہ طور پر تبدیل کر دیا گیا۔
واضح رہے کہ ایلون مسک نے گزشتہ روز ایک ٹویٹ میں کہا تھا ہے کہ ہم جلد ہی ٹویٹر برانڈ اور آہستہ آہستہ تمام پرندوں کو الوداع کہیں گے اور بلیو برڈ لوگو کو ایکس 'X' لوگو سے بدل دیں گے۔ لوگو کو تو تبدیل کردیا گیا ہے لیکن ٹوئٹر کے آفیشل اکاؤنٹ پر یوزر نیم تاحال ٹوئٹر ہی ہے، تاہم ڈسپلے نیم تبدیل کرکے ایکس 'X' کر دیا گیا ہے۔ ایلون مسک نے اپنے ایک ٹویٹ میں یو آر ایل کی تبدیلی کے حوالے سے بھی بتایا ہے کہ اب سے X.com ویب ڈومین صارفین کو ڈائریکٹ Twitter.com پر لے جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں:
ایک صارف نے ایلن مسک سے سوال کیا کہ جب ری برانڈنگ کی جارہی ہے تو پھر ٹویٹس کو کیا کہا جائے گا جس پر مسک نے کہا کہ انہیں Xs کہا جائے گا۔ خیال رہے کہ گزشتہ برس ایلون مسک نے 44 بلین ڈالرز کی ڈیل کے عوض ٹوئٹر کا نظام سنبھالنے کے بعد اس پلیٹ فارم میں متعدد تبدیلیاں کی ہیں جن میں ٹوئٹر بلیو سروس قابل ذکر ہے۔