رامپور: ریاست اترپردیش کے ضلع رامپور میں پولیس اہلکاروں کے رویہ سے ناراض تاجروں نے اپنی دکانوں پر 'میں بھی آتنکی ہوں' کے پوسٹر لگائے۔ تاجروں کا الزام ہے کہ ان کے تاجر رہنما شیلیندر شرما کو کنڈہ چوکی انچارج نے گھر میں نظر بند کرتے ہوئے انہیں دہشت گرد کہا تھا۔
رامپور میں ان دنوں دکانوں پر 'میں بھی آتنکی ہوں' کے پوسٹر چسپاں ہیں جو کہ ہر عام و خاص کی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے۔
دراصل رامپور میں گذشتہ دنوں وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ کی آمد کے موقع پر ادھیوگ بیوپار منڈل سے وابستہ تاجر اپنے کچھ مطالبات کا ایک میمورنڈم وزیر اعلی کو دینے کی تیاری میں تھے۔ ادھیوگ بیوپار منڈل کا الزام ہے کہ اسی دوران پولیس چوکی کنڈا کے انچارج آنند ویر سنگھ نے تاجروں کی تنظیم کے ضلع صدر شیلیندر شرما کو میمورنڈم دینے سے روکنے کے لئے گھر میں نظر بند کرنے کے ساتھ ہی دہشت گرد بھی کہا تھا، جس سے تاجر برادری کافی ناراض ہیں اور انہوں نے اپنی دکانوں پر 'میں بھی آتنکی ہوں' کے پوسٹر چسپاں کر دیے ہیں۔
مزید پڑھیں:۔ مغلوں میں کچھ اچھے حکمراں بھی تھے: سپریا شری نیت
فی الحال تنظیم کے ضلع صدر شیلیندر شرما کی نظربندی تو ختم کر دی گئی ہے لیکن تاجروں کا مطالبہ ہے کہ ایسے الفاظ کا استعمال کرنے والے پولیس اہلکاروں کے خلاف سخت کارروائی ہونی چاہیے۔ بہرحال اب دیکھنا ہوگا کہ پولیس افسران ایسے پولیس اہلکاروں کے خلاف کیا کارروائی کرتے ہیں۔