گوہاٹی: آسام میں ان لوگوں میں بے چینی کی کفیت پائی جاتی ہے جن کے نام تین سال قبل ریاست میں شائع ہونے والے متنازعہ نیشنل رجسٹر آف سٹیزن (این آر سی) میں نہیں تھے۔ محفوظ الاسلام اور ان کے دو بچوں کے لیے بے چینی کی یہ کیفیت ختم ہوتی نظر نہیں آرہی ہے۔ ریاست میں 31 اگست 2019 کو جاری ہونے والے حتمی این آر سی میں 19,06,657 لوگوں کے نام شامل نہیں تھے، جس سے ان کی شہریت کے بارے میں غیر یقینی صورتحال پیدا ہوئی تھی۔ کل 3,30,27,661 درخواست دہندگان میں سے 3,11,21,004 لوگوں کے نام شامل تھے۔ Three years of NRC in Assam
برہم پترا کے ڈھلپور کے رہنے والے محفوظ الاسلام کا کہنا ہے کہ انہوں نے اپنی بھارتی شہریت ثابت کرنے کے لیے تمام ضروری دستاویزات این آر سی حکام کو فراہم کر دیے ہیں، لیکن ان کا نام حتمی فہرست میں شامل نہیں ہے۔ انہوں نے بتایا کہ میں 1970 میں بارپیٹا ضلع کے ایک گاؤں میں پیدا ہوا۔ بعد میں میرے والد ڈھلپور آگئے۔ اس علاقے سے میری خاندانی وابستگی بھی قائم ہے۔ پھر بھی فہرست میں میرے ایک بیٹے اور ایک بیٹی کا نام شامل نہیں تھا۔
تاہم این آر سی کی حتمی فہرست میں ان کی اہلیہ نجمہ کا نام شامل تھا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ اگرچہ گاؤں میں کوئی بھی میری شہریت پر سوال نہیں اٹھا رہا ہے کیونکہ وہ مجھے اچھی طرح جانتے ہیں، لیکن مجھے دوسری جگہوں پر ناگوار حالات کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ انہوں نے درخواست کرتے ہوئے کہا کہ ہماری حالت جانتے ہوئے آپ کچھ نہیں کر سکتے جناب؟ پریس میں کئی خبریں شائع ہوئیں اور کئی این جی اوز ہم سے ملنے آئیں۔ پھر بھی سب کچھ ویسا ہی رہا۔ لوگ ہم سے گاؤں کے باہر صرف ہماری شکل و صورت اور لباس کے بارے میں سوال کرتے ہیں۔ یہ بدقسمتی کی بات ہے۔
مزید پڑھیں: 'این آر سی پر نظرثانی کرنے کی ضرورت ہے'
ضلع کاچھر سے تعلق رکھنے والی 79 سالہ ریحانہ خاتون کے لیے یہ انکی اپنی شناخت کی جنگ رہی ہے۔ انہوں نے روتے ہوئے کہاکہ "میرے شوہر کا دو سال قبل انتقال ہو گیا تھا، جب ہمارے پورے خاندان کی شہریت فارنرز ٹریبونل (ایف ٹی) میں ثابت ہو گئی تھی۔ یہ معاملہ ابھی حل نہیں ہوا ہے۔ قانونی مسائل کی وجہ سے ہمارے نام این آر سی میں شامل نہیں تھے۔ شہریت کے مسائل سے لڑنے والے ایک کارکن اشرف حسین نے کہا کہ این آر سی کے مسئلے کو حل کرنے میں غیر معمولی تاخیر سے مفاد پرستوں کے ایک حصے کو معاشرے کو غیر مستحکم کرنے اور بدامنی پیدا کرنے میں مدد مل رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ "ہمارے اندازوں کے مطابق گزشتہ 15-20 سالوں میں کم از کم 81 لوگوں نے اپنی شہریت کے بارے میں جاری غیر یقینی صورتحال کی وجہ سے خودکشی کی ہے۔ بہت سے لوگوں کو تکنیکی بنیادوں پر نکال دیا گیا اور انہیں درست کرنے کے لیے کچھ نہیں کیا گیا۔ اس مسئلے پر کام کرنے والی ایک این جی او سوشل جسٹس فورم (ایس جے ایف) نے حکومت پر زور دیا کہ وہ ریاست میں امن کی مستحکم فضا کے لیے اس معاملے کو حل کرے۔