نئی دہلی: قومی اردو کونسل کا پچیسواں اردو کتاب میلہ وانمباڑی میں منعقد کیا جائے گا۔ قومی کونسل برائے فروغ اردو زبان نے کہا ہے کہ اس مرتبہ اردو کونسل نے تمل ناڈو کے وانمباڑی مسلم ایجوکیشنل سوسائٹی کے اشتراک سے اسلامیہ کالج وانمباڑی میں اس میلے کے انعقاد کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ اطلاع اردو کونسل کے ڈائرکٹر پروفیسر شیخ عقیل احمد نے آج یہاں جاری ایک ریلیز میں دی ہے۔ NCPUL Urdu Book Fare in Vaniyambadi
انہوں نے کہا کہ یہ کتاب میلہ 31 دسمبر 2022 سے 8 جنوری 2023 کے دوران منعقد کیا جائے گا۔ کونسل کے ڈائرکٹر پروفیسر شیخ عقیل احمد نے اس میلے کے تئیں غیر معمولی جوش و جذبے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم سنتے آئے ہیں کہ تملناڈو کے وانمباڑی اور مضافات کے علاقے میں اردو کے شائقین اور اس زبان سے محبت کرنے والے کثیر تعداد میں ہیں اور طلبا میں بھی اردو سیکھنے کا شوق پایا جاتا ہے، اس لیے مجھے امید ہے کہ اس کتاب میلے میں وانمباڑی اور تملناڈو کے تمام محبان اردو غیر معمولی دلچسپی کا مظاہرہ کریں گے اور بک اسٹال سے اہم کتابیں خرید کر ان کا مطالعہ کریں گے، جس سے ان کے علمی و ادبی ذوق کی تسکین ہوگی۔
انہوں نے بتایا کہ اس میلے میں کونسل کے علاوہ ہندوستان بھر کے درجنوں ناشرینِ کتب شرکت کریں گے اور ہر قسم کی علمی و ادبی کتابیں بہت مناسب قیمتوں پر بہ آسانی دستیاب ہوں گی۔
شیخ عقیل نے کہا کہ کونسل کے کتاب میلے ہمیشہ کامیاب رہے ہیں اور اب تک اس کے زیر اہتمام مختلف شہروں میں چوبیس میلے منعقد کیے جاچکے ہیں، پچھلے سال مہاراشٹر کے شہر مالیگاؤں میں اس کا انعقاد کیا گیا تھا جس میں شائقین علم و ادب نے ایک کروڑ سے بھی زائد کی کتابیں خرید کر ایک ریکارڈ قائم کیا تھا۔ انھوں نے توقع ظاہر کی کہ وانمباڑی کتاب میلے کے تئیں بھی لوگ اسی ذوق و دلچسپی کا مظاہرہ کریں گے اور یہ میلہ علاقے میں کتاب دوستی کا عمومی ذوق پیدا کرنے میں کامیاب ہوگا۔
واضح رہے کہ قومی کونسل برائے فروغ اردو زبان کے ذریعے اردو کے فروغ کے لیے مختلف اسکیمیں چلائی جاتی ہیں،جن میں سے ایک اہم اسکیم اردو کتاب میلہ بھی ہے۔ کونسل ہر سال دس روزہ کتاب میلے کا انعقاد کرتی ہے، جس میں ملک کے مشہور و معروف اردو پبلشرز اپنی عمدہ علمی، ادبی کتابوں کے ساتھ شریک ہوتے ہیں۔ اس کے لیے ملک کے مختلف علاقوں بالخصوص اردو آبادی پر مشتمل جگہوں کا انتخاب کیا جاتا ہے، تاکہ وہاں کے لوگوں میں اردو زبان اور اردو کتابوں کے تئیں شوق و رغبت اور دلچسپی پیدا کی جاسکے۔
یو این آئی