ریاست تلنگانہ کا محکمہ صحت شہریوں کے ہیلتھ پروفائل سروے کیلئے تیار ہے۔ ہر گاؤں میں معائنہ کے لیے کیمپ کا اہتمام کرتے ہوئے سروے کیا جائے گا۔ آنے والے ماہ کے اواخر میں اس پروجیکٹ کا آغاز کیا جائے گا۔
اضلاع سرسلہ اور مُلگ میں تجرباتی طور پر اس کا آغاز کرتے ہوئے 100دنوں میں سروے مکمل کرنے کا ہدف ہے۔ ابتدا میں ہر فرد کے دس قسم کے معائنے کئے جائیں گے۔ ان میں سے بعض معائنے مواضعات میں کیمپ کا اہتمام کرتے ہوئے کئے جائیں گے۔ مزید دیگر معائنے پرائمری ہیلتھ سنٹرس میں کئے جائیں گے۔
عوام کے کون سے کون سے ٹسٹ کئے جائیں اس کی مکمل رپورٹ محکمہ نے حکومت کو پیش کردی ہے۔ ان معائنوں کے لئے درکار مشنری، ٹسٹنگ کٹس کی خریداری کیلئے فنڈس جاری کرنے کی محکمہ نے حکومت سے خواہش کی ہے۔
بتایا جاتا ہے کہ یہ مشنری حکومت آئندہ 20 دنوں میں خریدے گی اور ستمبر کے اواخر میں تجرباتی بنیادوں پر اس پروفائل کے آغاز کا امکان ہے۔
مزید پڑھیں:۔ تلنگانہ میں ڈیلٹا پلس کیسزدرج نہیں ہوئے: محکمہ صحت
وزیراعلی کے چندرشیکھرراو کی ہدایت پر سرسلہ اور مُلگ اضلاع میں یہ کام تجرباتی طورپر کیا جائے گا۔ ان دونوں اضلاع میں سروے کا کام اندرون 100دن مکمل کرلیا جائے گا۔ ایک ضلع سروے کے لئے ہیلتھ ڈائرکٹر سرینواس راو اور دوسرے ضلع کے سروے کے لئے میڈیکل ایجوکیشن ڈائرکٹر رمیش ریڈی کو انچارج مقرر کیا گیا ہے۔
مواضعات میں لگائے جانے والے کیمپس میں آشا ورکرس، اے این ایمس، اسٹاف نرسس، ٹکنیشنس حصہ لیں گے۔ ان کیمپس میں موتیابن، اورل کیویٹی، بی پی، شوگر، خون میں ہیموگلوبن کی سطح معلوم کرنے والے معائنوں کے ساتھ ساتھ دیگر معائنے بھی کئے جائیں گے۔ ان معائنوں میں امراض کا پتہ چلنے پر ان کو ریکارڈ میں درج کیا جائے گا۔ کولیسٹرال کی سطح اور دیگر معائنے پرائمری ہیلتھ سنٹر پر کئے جائیں گے۔ اسی کی بنیاد پر ایسے مریض جن میں امراض پائے گئے ان کے گردوں، جگر کے مختلف امراض کے معائنے، ای سی جی، اسکن تھک نیس ٹسٹ بھی کرنے کا فیصلہ کیاگیا ہے۔
پبلک ہیلتھ سنٹرس میں لیب ٹکنیشنس، ڈاکٹرس دستیاب رہیں گے۔ ہیلتھ پروفائل کے لئے ہر شخص سے اس کا آدھار نمبر، فون نمبرلیا جائے گا۔ آدھارنمبر کا استعال آئی ڈی نمبر کے طور پر کیا جائے گا اور اسی کی بنیاد پر ہیلتھ پروفائل تیار کیا جائے گا۔ اس آئی ڈی کو فون نمبر سے مربوط کیا جائے گا۔ اس شخص کی صحت کی تفصیلات معلوم کرنے کے لئے پورٹل میں آدھار نمبر رکھا جائے گا۔
آدھار کارڈ کا نمبر اپ لوڈ کرتے ہی او ٹی پی نمبر آئے گا۔ اس اوٹی پی کی تفصیلات درج کرنے پر پروفائل کی تفصیلات معلوم کی جاسکتی ہیں۔ کچھ دیر بعد خود بخود لاگ آوٹ ہوجائے گا۔ عہدیداروں نے کہا کہ ڈاٹا کے غلط استعمال کو روکنے کے لئے اوٹی پی کا استعمال کیا جارہا ہے۔ اس آن لائن عمل کے لئے آئی ٹی کے شعبہ کو ذمہ داری دی گئی ہے۔
ریاست کے دوکروڑ افراد کی تفصیلات محکمہ صحت کے پاس دستیاب ہے۔ ہیلتھ پروفائل کے لئے ان تفصیلات کا استعمال کیا جائے گا۔ غیر موسمی امراض کی تشخیص ایک کروڑ افرادکا بی پی، شوگر کے ٹسٹ کئے گئے۔ ان میں 20لاکھ افراد مختلف امراض کے شکار پائے گئے۔ان کے نام، آدھار، فون نمبرکی تفصیلات محکمہ صحت کے پاس ہے۔ آنکھوں کی روشنی کیمپ کے موقع پر ایک کروڑ 54لاکھ افراد کے آنکھوں کے معائنے کئے گئے تھے۔ ساتھ ہی سرکاری اسپتالوں میں زچگی کروانے والی خواتین کی تفصیلات کے سی آرکٹ پورٹل میں دستیاب ہیں۔ کینسر کے متاثرین کی تفصیلات ایم این جے اسپتال حیدرآباد کے پاس ہیں۔ ان مختلف مقامات کے ڈاٹا کو آن لائن کرتے ہوئے ضم کرنے کا حکومت نے فیصلہ کیا ہے۔
(یو این آئی)