بھارتی فضائیہ کے 'سارنگ' ہیلی کاپٹروں اور 'سوریہ کرن' طیاروں اور دیسی تیجس جنگی طیاروں کی ایروبیٹکس ٹیم دبئی ایئر شو میں اپنے جوہر اور کرتب دکھانے کے لیے تیار ہے۔
فضائیہ کے مطابق یہ ٹیمیں 14 سے 18 نومبر تک دبئی میں منعقد ہونے والے ایئر شو کی بروز اتوار ہونے والی افتتاحی تقریب کی تیاریوں میں مصروف ہیں۔
سارنگ ٹیم میں فضائیہ کے جدید ترین ہلکے ہیلی کاپٹر دھرو شامل ہے۔ سارنگ ٹیم اس سے قبل سنگاپور، متحدہ عرب امارات، جرمنی، برطانیہ، بحرین، سری لنکا اور روس جیسے ممالک کے بین الاقوامی شوز میں پرفارم کر چکی ہے۔ اس ٹیم کی قیادت ونگ کمانڈر گریش کمار کررہے ہیں۔
سوریہ کرن ایروبیٹکس ٹیم فضائیہ کے ہاک 132 طیاروں پر مشتمل ہے اور اس سے قبل یہ سری لنکا، میانمار، ملیشیا، سنگاپور، تھائی لینڈ، لاؤ اور چین میں بین الاقوامی سطح پر پرفارم کر چکی ہے۔ ٹیم کی قیادت گروپ کیپٹن انوپ سنگھ کر رہے ہیں۔
ان دونوں ٹیموں کے علاوہ، دیسی ساختہ ہلکا جنگی طیارہ تیجس بھی اپنے جوہر اور کارکردگی سے سامعین کو مسحور کرنے کو تیار ہے۔ تیجس ٹیم کی قیادت گروپ کیپٹن منیش تولانی کر رہے ہیں۔
مزید پڑھیں:دبئی ایکسپو 2020: متحدہ عرب امارات میں مشرق وسطیٰ کی پہلی بین الاقوامی نمائش
فضائیہ کے یہ طیارے منگل کے روز دبئی پہنچے تھے۔ متحدہ عرب امارات کی حکومت نے فضائیہ کو اس ایئر شو میں شرکت کی دعوت دی ہے۔ ایئر شو میں فضائیہ کی ٹیمیں سعودی عرب کی ہاک، روس کی نائٹ اور متحدہ عرب امارات کی الفرسان کے ساتھ اپنے کرتب دکھائیں گی۔
یو این آئی