تاج محل کو دوبارہ کھولنے سے ایک دن قبل یہاں کام کرنے والے تمام ملازمین کی ٹیکہ کاری کی گئی۔ اس کے لیے یہاں ایک ویکسی نیشن کیمپ منعقد کیا گیا تھا تا کہ ملازمین کی ٹیکہ کاری کی جاسکے۔
کورونا وائرس کی دوسری لہر کے بعد تاج محل کو بند کردیا گیا تھا اسے آج دو ماہ کے بعد دوبارہ کھول دیا گیا ہے۔ محکمہ آثار قدیمہ کے سپرنٹنڈنٹ وسنت کمار سوارانکر نے اس کی اطلاع دی۔
انہوں نے کہا کہ تاج محل کے ساتھ دیگر آثار قدیمہ کے سیاحتی مقامات کو آج سے دوبارہ کھول دیا جائے گا۔وسنت کمار نے کہا کہ اس دوران کورونا وائرس کے رہنمایانہ خطوط پر سختی سے عمل کیا جائے گا۔
ان مقامات پر ٹکٹ آن لائن دیا جائے گا اور بغیر ماسک کے داخلہ کی اجازت نہیں ہوگی۔ آگرہ کے ضلع مجسٹریٹ پربھو سنگھ نے کہا کہ تاج محل میں ایک وقت میں صرف 650 افراد کو داخلہ کی اجازت ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ایک فون نمبر سے صرف پانچ ٹکٹ بک کروائے جاسکتے ہیں۔
تاج محل کو دوبارہ کھولنے سے ایک دن قبل یہاں کام کرنے والے ملازمین کے لیے ایک ٹیکہ کاری کا کیمپ بھی منعقد کیا گیا۔