پٹنہ: بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے راجیہ سبھا کے رکن سشیل کمار مودی نے کہا کہ مرکزی حکومت بہار کے بنیادی ڈھانچے کی ترقی کے لئے لاکھوں کروڑروپے کی اسکیموں کو دل کھول کر اور بغیر کسی امتیاز کے نافذ کر رہی ہے، لیکن ریاستی حکومت۔ اپنی ذمہ داری نبھانے میں ناکام ہے۔ Sushil modi Slams Bihar Government
بہار کے سابق نائب وزیر اعلیٰ سشیل کمار مودی نے اتوار کو جاری ایک بیان میں کہا کہ وزرائے خزانہ کی میٹنگ میں بہار حکومت نے بیس ہزار کروڑ روپے کے پیکیج کا مطالبہ کیا جبکہ سال 2015 میں وزیراعظم نریندر مودی ریاست کو ڈیڑھ لاکھ کروڑ روپے کے خصوصی پیکج کا اعلان کر چکے ہیں۔ اس میں 55 ہزار کروڑ روپے صرف سڑک منصوبوں کیلئے ہیں۔ ریاستی حکومت زیادہ ترمنصوبوں کیلئے زمین دستیاب نہیں کرا پارہی ہے ۔
بی جے پی رکن پارلیمنٹ نے کہا کہ مرکزی حکومت نے دربھنگہ میں آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (ایمس) اور وکرم شیلا میں سنٹرل یونیورسٹی بنانے کا فیصلہ کیا، لیکن نتیش حکومت اس کے لیے بھی زمین فراہم نہیں کر سکی۔ انہوں نے کہا کہ بیہٹا، دربھنگہ اور پورنیہ ہوائی اڈوں کی توسیع بھی زمین کی عدم دستیابی کی وجہ سے تعطل کا شکار ہے۔
یہ بھی پڑھیں: سشیل مودی کا راہل گاندھی پر طنز
بھارتیہ جنتا پارٹی کے راجیہ سبھا کے رکن سشیل کمار مودی نے کہا کہ بہار میں سال 2024 تک تین لاکھ کروڑ روپے کے پروجیکٹوں کو نافذ کیا جانا ہے جس میں 13 گرین فیلڈ ایکسپریس وے اور اقتصادی راہداری شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بہار حکومت صرف مطالبات کرتی ہے لیکن پرفارم نہیں کرتی ۔ اسکیموں کے لیے زمین کا حصول اور بروقت یوٹیلیٹی سرٹیفکٹ فراہم کرنے میں ناکامی ترقی کی راہ میں ایک بڑی رکاوٹ ہے۔
یواین آئی