سمیہ رانا نے سماج وادی پارٹی کے ریاستی دفتر لکھنؤ میں اکھیلیش یادو کی موجودگی میں سماجوادی پارٹی میں شمولیت اختیار کی ہے۔
خیال رہے کہ گذشتہ برس سمیہ رانا کا نام اس وقت سُرخیوں میں آیا تھا جب وہ سی اے اے اور این آر سی کے خلاف لکھنؤ کے مظاہرہ میں شامل ہوئی تھیں۔
ای ٹی وی بھارت سے گفتگو کرتے ہوئے سمیہ رانا نے کہا کہ اگر سیاست صحیح طریقے سے کی جائے تو یہ یقیناً درست ہے، اس سے عوام کو انصاف مل سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سیاست لوگوں کو جوڑنے کے لئے ہونی چاہئے نہ کہ توڑنے کے لیے۔
مزید پڑھیں:ای ٹی وی بھارت کے ساتھ منور رانا کا خصوصی انٹرویو
بی جے پی پر انہوں نے تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی جس طرح سے سیاست کررہی ہے وہ یقیناً غلط ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی لوگوں کو تباہ کرنے کے لئے کوشاں ہے۔
سمیہ رانا نے کہا کہ سماج وادی پارٹی ایک خاندان ہے۔ سماج وادی پارٹی کی سوچ اور نظریہ مکمل طور پر سیکولر ہے۔
سماج وادی پارٹی میں سب کو برابری کا درجہ دیا جاتا ہے، کسی کے ساتھ امتیازی سلوک نہیں کیا جاتا ہے اور اس پارٹی میں ہر ایک کے حوصلے بلند ہوتے ہیں، اسی وجہ سے میں نے سماج وادی پارٹی کی رکنیت لی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی انہیں جو بھی ذمہ داری دیتی ہے وہ اسے ضرور نبھائیں گی۔