ممبئی: مہاراشٹر کے ممبئی میں انجمن اسلام (ڈاکٹر ایم آئی جے گرلز ہائی اسکول باندرہ) کی طالبہ مبشرہ سڑک حادثے کا شکار ہونے کے باوجود ایس ایس سی امتحان دینے کے لیے ایمبولینس میں حاضر ہوئی۔ دراصل ایک کار سے یہ حادثہ پیش آیا تھا، کار اُن کے پیر پر چڑھ گئی تھی۔ جس کے بعد اُن کا آپریشن کیا گیا۔ اس کے بعد مبشرہ نے ایمبولینس میں پورا امتحان دیا۔ ایمبولینس کا انتظام اسکول انتظامیہ نے کیا تھا۔
دراصل 17 مارچ کو مبشرہ کے ساتھ ایک سڑک حادثہ پیش آیا۔ ڈرائیور اور اُن کے دوست کی مدد سے اُنہیں ہسپتال میں بھرتی کرایا گیا۔ کار اُن کے پیر پر چڑھ گئی تھی۔ اس لیے مبشرہ کا آپریشن کیا گیا۔ 19 مارچ کو اُنہیں ڈسچارج کیا گیا اور دو ہفتے تک آرام کرنے کے لیے کہا گیا لیکِن امتحان دینے کے لیے اسکول انتظامیہ اور اُن کے کلاس ٹیچر کی کوششیں کام آئیں۔ مبشرہ نے امتحان میں شرکت کی۔
اُن کی کلاس ٹیچر صنم شیخ کا کہنا ہے کہ 'وہ میری کلاس کی بہترین طالبات میں سے ایک ہے۔ اس کا شمار ٹاپ 10 طالبات میں آتا ہے۔ صنم شیخ نے کہا کہ سب سے پہلے ہم نے بورڈ کو پورے واقعے کی اطلاع دی چنانچہ ہم نے بورڈ کو بلایا اور اجازت لی۔ اگلی اہم بات یہ کہ اسے سنٹر میں لے جانا تھا، ہم نے کینسر ایڈ اینڈ ریسرچ فاؤنڈیشن کو بلایا جنہوں نے اُسے سینٹر تک لے جانے میں رضا مندی ظاہر کی۔ انہوں نے ہمیں اپنی ایمبولینس فراہم کی، جس کے بعد مبشرہ نے امتحان دیا۔
کلاس ٹیچر صنم شیخ نے بتایا کہ انہیں ایمبولینس میں مرکز لے جایا گیا۔ وہاں پرنسپل نے اسے تسلی دی۔ انہوں نے بتایا کہ اس کے بعد ہمیں وہاں سے جانے کو کہا گیا۔ صنم شیخ نے بتایا کہ سارا معائنہ ایمبولینس میں کیا گیا انہیں 14 دن مکمل آرام کا مشورہ دیا گیا ہے۔