گزشتہ کئی روز سے کورونا وائرس نے اپنے ناپاک پنجوں کو صوبہ مہاراشٹر میں گاڑکر سینکڑوں لوگوں کو موت کے گھاٹ اتار رہا تھا، وہیں ہزاروں لوگ اس بیماری سے متاثر ہو کر اسپتالوں میں شریک ہو رہے تھے، مگرریاستی عوام نے مہا وکاس آگھاڑی سرکار کی جانب سے جاری کیے گئے رہنمایانہ ہدایات پر عمل پیرا ہو کر’’ بریک دی چین‘‘ کے تحت کورونا وائرس کی رفتار پر روک لگانے میں جہاں ایک جانب شہریان ممبئی نے ہمت و حوصلے کا مظاہرہ کیا تو دوسری جانب صوبہ مہاراشٹر کے 12 اضلاع سے کورونا وائرس کے انفیکشن میں کمی کی سکون بخش خبریں موصول ہو رہی ہیں۔
ریاستی حکومت کی جانب سے کورونا کے پھیلاؤ کو روکنے کے لئے سخت لاک ڈاؤن نہ لگاتے ہوئے قواعد میں سختی کا 15 دنوں قبل اعلان کیا گیا تھا، جس پر عوام کی جانب سے خاطر خواہ ردعمل ظاہر کرتے ہوئے عمل کیا گیا۔ اسی کے پیش نظر اب مریضوں کی تعداد کم ہو رہی ہے۔ کورونا بحران کے دوران شہریان، ریاستی حکومت اور صحت کے انتظامیہ وعہدیداران کو کچھ راحت ملنے کے امکانات روشن ہوگئے ہیں۔
صوبے کے جن 12 اضلاع میں کورونا کی چین کو توڑنے میں عوام الناس کامیاب ہوئی ہیں ان میں مراٹھواڑہ کے اورنگ آباد، بھنڈارہ، دھولیہ، گوندیا، جلگاؤں، لاتور، ممبئی اور اطراف و اکناف، ناندیڑ، تھانہ، واشم وغیرہ شامل ہیں۔
کورونا کی دوسری لہر میں ان اضلاع میں مریضوں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہورہا تھا۔ اموات کی تعداد میں بھی اضافہ ہوا۔ لیکن اب ان اضلاع میں کورونا مریضوں کی تعداد کم ہورہی ہے جس کی وجہ سے ریاستی حکومت کو راحت ملنے کا امکان ہے۔ اورنگ آباد میں 4 اپریل سے 10 اپریل کے درمیان کورونا مریضوں کی تعداد 10 ہزار 505 تھی اب وہاں گھٹ کر 4 ہزار768 رہ گئی ہے۔
بھنڈارہ میں 11 اپریل سے 17 اپریل کے درمیان کورونا مریضوں کی تعداد 9 ہزار 550 تھی اب گھٹ کر 6 ہزار 751 رہ گئی ہے۔ دھولیہ میں 11 اپریل سے 17 اپریل کے درمیان کورونا مریضوں کی تعداد 3 ہزار 15 تھی اب گھٹ کر 2 ہزار373 رہ گئی ہے۔ گوندیا میں 11 اپریل سے 17 اپریل کے درمیان کورونا مریضوں کی تعداد 6 ہزار 798 تھی اب گھٹ کر3 ہزار 295 رہ گئی ہے۔
خاندیش کے جلگاؤں میں 28 مارچ اور3 اپریل کے درمیان کورونا مریضوں کی تعداد 8 ہزار 232 تھی جو اب گھٹ کر 184 رہ گئی ہے۔ لاتور میں 11 اپریل سے 17 اپریل کے درمیان کورونا مریضوں کی تعداد 11544 تھی جو کہ گھٹ کر اب 8345 رہ گئی ہے۔
عروس البلاد ممبئی میں 4 اپریل سے 10؍اپریل کے درمیان کورونا مریضوں کی تعداد 58 ہزار 598؍ تھی جو کہ اب گھٹ کر23؍ہزار903؍رہ گئی ہے۔ اسی طرح ممبئی کے مضافاتی علاقوں میں4 اپریل سے10؍ اپریل کے درمیان مریضوں کی تعداد 10ہزار345؍ تھی یہ تعداد اب گھٹ کر 6،ہزار529؍ رہ گئی ہے۔ ناندیڑ میں11 اپریل اور17 اپریل کے درمیان کورونا مریضوں کی تعداد 10ہزار728 تھی جو کہ اب 5 ہزار577؍رہ گئی ہے۔
دوسری جانب ضلع نندوربارمیں 6؍ اپریل سے17؍ اپریل کے درمیان کورونا مریضوں کی تعداد 6 ہزار795؍، تھی جو کہ اب ۱؍ہزار254 رہ گئی ہے۔ ممبئی سے متصل تھانہ میں 6 اپریل سے 16 اپریل کے درمیان کورونا کے مریضوں کی تعداد 39ہزار 877 تھی جو کہ اب گھٹ کر یہ تعداد 25؍ہزار977 رہ گئی ہے۔ واشم میں 11 اپریل سے17 اپریل کے درمیان کورونا مریضوں کی تعداد 3؍ہزار696 تھی جو اب گھٹ کر 2؍ہزار734رہ گئی ہے۔