میلبورن: آسٹریلیا کے کپتان پیٹ کمنز کے بھارت کا دورہ نہ کرنے کی وجہ سے اسٹیو اسمتھ 17 مارچ سے شروع ہونے والی ون ڈے سیریز میں کینگروز ٹیم کی قیادت کریں گے۔ کرکٹ آسٹریلیا نے منگل کو اس کی تصدیق کی۔ دراصل اپنی والدہ کی خرابی صحت کی وجہ سے کمنز 19 فروری کو دوسرے ٹیسٹ کے اختتام کے بعد بھارت کے دورے سے وطن واپس لوٹ گئے۔ ان کی غیر موجودگی میں اسمتھ نے تیسرے اور چوتھے ٹیسٹ میں آسٹریلیا کی قیادت کی۔
کوچ اینڈریو میکڈونلڈ نے بتایا کہ گزشتہ ہفتے اپنی والدہ ماریہ کے انتقال کے بعد کمنز ون ڈے سیریز کے لیے بھی بھارت واپس نہیں آئیں گے۔ میکڈونلڈ نے کہاکہ پیٹ واپس نہیں آئیں گے۔ وہ اب بھی گھر میں سب کا خیال رکھے ہوئے ہے۔ ہماری ہمدردی پیٹ اور ان کے خاندان کے ساتھ ہیں۔ آسٹریلیا نے جمعہ سے ممبئی میں شروع ہونے والی تین میچوں کی سیریز کے لیے کمنز کی جگہ کسی کھلاڑی کو شامل نہیں کیا ہے۔ نیتھن ایلس کو پہلے ہی زخمی رچرڈسن کے متبادل کے طور پر 15 رکنی ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ جوش ہیزل ووڈ نے نومبر میں انگلینڈ اور آسٹریلیا کے درمیان کھیلی گئی ون ڈے سیریز کے میچ میں بھی ٹیم کی قیادت کی تھی، حالانکہ وہ انجری کے باعث بھارت میں نہیں کھیل سکیں گے۔ اسمتھ اس سے قبل 51 ون ڈے میچوں میں آسٹریلیا کی کپتانی کر چکے ہیں۔ تیز گیند بازوں کی عدم موجودگی کے علاوہ آسٹریلیا نے اکتوبر-نومبر کے دوران بھارت میں ہونے والے ورلڈ کپ کے لیے اپنے منصوبوں کو مضبوط کرتے ہوئے اپنی بہترین ون ڈے ٹیم کا انتخاب کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: India vs Australia Series: ٹیسٹ سیریز پر بھارت کا قبضہ، آخری ٹیسٹ میچ ڈرا
میکسویل اپنی ٹانگ کے فریکچر سے صحت یاب ہونے کے بعد بین الاقوامی کرکٹ میں واپسی کر رہے ہیں۔ دہلی ٹیسٹ کے دوران زخمی ہونے والے ڈیوڈ وارنر بھی فٹ ہونے کے بعد ون ڈے ٹیم میں شامل ہو گئے ہیں۔ مچل مارش ٹخنے کی سرجری کے بعد میدان میں واپسی کے لیے تیار ہیں۔
آسٹریلیا کا ون ڈے اسکواڈ بمقابلہ انڈیا: ڈیوڈ وارنر، ٹریوس ہیڈ، سٹیو اسمتھ (کپتان)، مارنس لیبوشگن، مچل مارش، مارکس اسٹوئنس، الیکس کیری، گلین میکسویل، کیمرون گرین، جوش انگلیس، شان ایبٹ، ایشٹن اگر، مچل سٹارک، نیتھن ایلس ، ایڈم زمپا۔
یواین آئی