کورونا وائرس وبا کے درمیان کووڈ ویکسین کی تیاریاں زوروں پر ہیں۔ سیرم انسٹی ٹیوٹ آف انڈیا نے بھارت میں کووڈ 19 ویکسین 'کوویشیلڈ' کے ہنگامی استعمال کی منظوری کے لیے کنٹرولر جنرل آف ڈرگس آف انڈیا (ڈی جی سی آئی) سے درخواست کی ہے۔
اس کے ساتھ ہی سیرم انسٹی ٹیوٹ (ایس آئی آئی) کورونا ویکسین کے ہنگامی استعمال کے لیے درخواست دینے والی دوسری کمپنی بن گئی ہے۔ ذرائع نے یہ اطلاع دی اس سے قبل امریکی دواساز کمپنی فائزر نے درخواست دی تھی۔
مختلف میڈیا ذرائع کے مطابق 'ایس آئی آئی' کی درخواست کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ کمپنی نے انکشاف کیا ہے کہ کلینیکل ٹرائل کے چار اعداد و شمار سے پتہ چلتا ہے کہ کووڈ 19 کے مریضوں اور خاص طور پر کووڈ 19 کے سنگین مریضوں کے معاملے میں یہ کافی مؤثر ہے۔ چار میں سے دو اعداد و شمار کا تعلق برطانیہ سے ہے جبکہ ایک کا تعلق بھارت اور برازیل سے ہے۔
سیرم انسٹی ٹیوٹ آف انڈیا نے بھارت میں 'کوویشیلڈ' ویکسین کے ٹرائل کے لیے ایسٹرا زینیکا پی ایل سی کے ساتھ شراکت کی ہے۔ اس درخواست کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ 'کوویشیلڈ محفوظ ہے اور اہداف والی آبادی میں کورونا کی روک تھام کے لیے مؤثر طریقے سے استعمال کی جاسکتی ہے۔'
حال ہی میں دوا ساز کمپنی فائزر کی بھارتی یونٹ نے کنٹرولر جنرل آف انڈین ڈرگ (ڈی جی سی آئی) کو اس کے ذریعہ تیار کردہ کووڈ 19 ویکسین کے ہنگامی استعمال کی باضابطہ منظوری کے لیے درخواست دی تھی، فائزر نے یہ درخواست برطانیہ اور بحرین میں کووڈ 19 ویکسین کی منظوری کے بعد دی ہے۔
بھارت سمیت دنیا بھر کے 180 سے زیادہ ممالک کورونا وائرس کے انفیکشن سے متاثر ہیں۔ اب تک دنیا میں ساڑھے چھ کروڑ سے زیادہ افراد کووڈ ۔19 کا شکار ہو چکے ہیں۔ اس وبا سے دنیا بھر میں 15 لاکھ سے زیادہ افراد ہلاک ہو چکے ہیں، اتوار کے روز بھارت میں کورونا وائرس کے انفیکشن کی کل تعداد بڑھ کر 96 لاکھ 44 ہزار سے زیادہ ہوگئی۔ اب تک اموات کی کل تعداد 1 لاکھ 40 ہزار 182 تک جا پہنچی ہے، صحت یاب ہونے والے مریضوں کی تعداد 91 لاکھ 792 ہو گئی ہے۔