بنگلور: کرناٹک میں روڈ شو کے دوران وزیر اعظم نریندر مودی کی سکیورٹی میں چوک کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ ہبلی میں روڈ شو کے دوران ایک شخص وزیراعظم کے قریب پہنچ گیا، جسے ایس پی جی نے احتیاطا ہٹا دیا۔ اس واقعے کی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ روڈ شو کے دوران ایک شخص ہجوم سے نکلتا ہے اور ہاتھ میں پھولوں کے ہار لے کر پی ایم مودی کی طرف بڑھتا ہے۔ PM Modi Security Breach in Hubli
تاہم وہ پی ایم تک نہیں پہنچ پاتا ہے کیونکہ پی ایم مودی کی حفاظت میں تعینات ایس پی جی اس کو پکڑ کر مودی سے دور کردیتا ہے۔ پھر دوسرے پولیس والے اسے اپنی طرف کھینچتے ہیں۔ تاہم، اس دوران وزیراعظم مودی انہیں پھولوں کے ہار لینے کی ہدایت دیتے ہیں۔ ایسے میں گارڈ اس شخص سے پھولوں کے ہار لے کر پی ایم مودی کے حوالے کر دیتے ہیں۔
واضح رہے کہ وزیراعظم نریندر مودی 29ویں قومی یوتھ فیسٹیول کا افتتاح کرنے کے لیے کرناٹک کے ہبلی میں ہیں جہاں وہ روڈ شو کر رہے ہیں۔ سوامی وویکانند کے یوم پیدائش کے موقع پر ریلوے اسپورٹس گراؤنڈ میں افتتاحی تقریب کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ پانچ روزہ فیسٹیول کا اہتمام ریاستی حکومت کے ساتھ مل کر نوجوانوں کے امور اور کھیل کی وزارت کے اشتراک سے کیا جارہا ہے۔