ممبئی کے اوشیوارہ قبرستان سے سی سی ٹی وی ویڈیو حاصل کرنے کے لئے سول ڈریس میں 2 لوگ خود کو پولیس جوان بتاتے ہوئے پہنچے۔ انہوں نے قبرستان سے ڈی وی آر کا مطالبہ کیا۔ قبرستان کے منتظم نے ان سے اس بارے میں تحریر مانگی، جسے وہ دینے سے قصر رہے۔ اس کے بعد قبرستان نے ڈی وی آر دینے سے انکار کیا۔
اس کے بعد خود ساختہ پولیس جوانوں نے پین ڈرائیو کی مدد سے کچھ ڈیٹا کاپی کیا اور اسے لے کر چلے گئے۔ یہ جانکاری قبرستان کے ایک ٹرسٹی عبد الخان نے ہمیں دی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پولیس جوانوں نے نہ تو اس بارے میں کوئی جانکاری دی اور نہ ہی کوئی لیٹر دیا۔
یہ بھی پڑھیں:
مہاراشٹر بند: بی جے پی کا ریاستی حکومت پر تنقید
ای ٹی وی بھارت کے ہاتھ لگے اس سی سی ٹی وی کی جب ہم نے پڑتال کی تو پتا چلا کہ یہ سی سی ٹی وی نارکوٹکس کنٹرول بیورو کے زونل ڈائرکٹر سمیر وانکھیڑے کا ہے۔ وانکھیڑے کی والدہ کی تدفین اسی قبرستان میں ہوئی ہے۔ وہ اپنی والدہ کی قبر کی زیارت کرنے کے لئے اکثر یہاں آتے جاتے ہیں۔
یہ واقعہ اس لیے بھی اہم ہے کہ وانکھیڑے کے ذریعے منشیات فروشوں کے خلاف ہونے والی کارروائی کے سبب وہ جرائم پیشہ افراد کی نظروں میں پہلے سے چبھ رہے ہیں۔
ایسے میں یہ سوال اٹھتا ہے کہ قبرستان جاکر اُن کا سی سی ٹی وی حاصل کرنا کہیں اُن کے خلاف جرائم پیشہ افراد کی کوئی سازش تو نہیں ہے۔ کیونکہ دن میں ایک بار وہ اس قبرستان میں والدہ کے قبر کی زیارت کے لئے ضرور آتے ہیں۔