پٹنہ: بہار میں دو نشستوں پر ہونے والے ضمنی انتخاب کے لئے عظیم اتحاد نے اپنے امیدواروں کے نام کا اعلان کر دیا ہے۔ آر جے ڈی کے دفتر میں عظیم اتحاد میں شامل تمام پارٹیوں کے اعلیٰ رہنماؤں کے درمیان ایک اہم نشست ہوئی۔ جس میں لیڈران نے بااتفاق رائے مکامہ اسمبلی حلقہ سے نیلم دیوی اور گوپال گنج اسمبلی حلقہ سے موہن پرساد گپتا کو عظیم اتحاد کے امیدوار ہونے کا اعلان کیا۔ RJD Announces Candidates For By-elections in Bihar
یہ دونوں ہی امیدوار آر جے ڈی کے ہیں، جس پر کانگریس، ہندوستانی عوامی مورچہ، سی پی آئی اور مالے نے اتفاق کیا ہے۔ نیلم دیوی مکامہ کے سابق رکن اسمبلی و باہوبلی اننت سنگھ کی اہلیہ ہیں۔ میٹنگ میں ہندوستانی عوامی مورچہ کے قومی صدر جیتن رام مانجھی، آر جے ڈی کے ادے نارائن چودھری، بھولا یادو، آلوک کمار مہتا، جے ڈی یو کے ریاستی صدر امیش کشواہا، کانگریس کے ریاستی ترجمان راجیش راٹھور، سی پی آئی کے سابق ریاستی سکریٹری کے ڈی یادو وغیرہ شامل ہوئے۔
امیدواری کا اعلان ہونے کے بعد نیلم دیوی نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی نے مجھ پر بھروسہ کر کے امیدوار بنایا ہے، اس کے لئے میں پارٹی لیڈر لالو پرساد یادو و تیجسوی یادو سمیت عظیم اتحاد کے تمام اعلیٰ لیڈران کا شکریہ ادا کرتی ہوں، انہوں نے کہا کہ مکامہ میں ہمارا کسی سے مقابلہ نہیں ہے۔ وہاں عوام کے درمیان جو ہمیشہ سکھ دکھ میں ساتھ رہتا ہے۔ عوام اس کا ہی انتخاب کرے گی اور سبھی جانتے ہیں کہ ہمارا خاندان شروع سے ہی غریبوں اور مظلوموں کے حق کے لیے آواز بلند کرتا رہا ہے۔ اننت سنگھ بھی ہمیشہ بے خوف ہوکر عوام کے حق کی لڑائی لڑتے رہے ہیں اور میں بھی ہمیشہ ان کی خدمت کے لیے تیار رہی ہوں۔
یہ بھی پڑھیں: Lalu Prasad Calls For Ban on RSS بہار میں آر ایس ایس پر پابندی کے معاملے پر بی جے پی، جے ڈی یو آمنے سامنے
وہیں کانگریس کے ریاستی ترجمان راجیش راٹھور نے کہا کہ عظیم اتحاد نے جن دو امیدواروں کے نام کا اعلان کیا ہے، وہ اتنے ووٹوں سے فتح حاصل کریں گی کہ حریف پارٹی کے امیدواروں کا ضمانت ضبط ہو جائے گا۔ یہ انتخاب صرف رسمی ہے کیونکہ دونوں جگہ کی عوام فرقہ پرست پارٹی کے امیدواروں کو ناکام کرے گی۔ ایک سوال کے جواب میں راجیش راٹھور نے کہا کہ امت شاہ سیوان دورہ پر آئے ہوئے تھے۔ وہ اپنے امیدواروں کی تشہیر کے لئے آئے تھے، کیونکہ ان کی پارٹی ملک کے مفاد میں نہیں بلکہ پارٹی کے مفاد میں کام کرتی ہے۔