یوم جمہوریہ پریڈ پر شامل ہو کر ہر ریاست نے اپنی تہذیب و ثقافت کی پہچان جھانکیوں کے ذریعہ دی ہے لیکن ان جھانکیوں میں سے اترپردیش کی جھانکی کو پہلا مقام حاصل ہوا ہے۔
اترپردیش کی جھانکی میں ایودھیا میں تعمیر ہونے والے رام مندر کے ساتھ وہاں کے ثقافتی ورثہ کو دکھایا گیا تھا۔ جمعرات کے روز وزیر کھیل کرن رجیجو نے سرٹیفکٹ اور ایوارڈ دے کر اترپردیش کی ٹیم کو اعزاز سے نوازا۔
اترپردیش کے انفارمیشن ڈائریکٹر ششیر نے بتایا کہ ریاست کے ذریعہ پیش کردہ رام مندر ماڈل کو پہلا انعام دیا گیا تھا۔ انہوں نے جمعرات کے روز ٹویٹ کیا کہ اس سال کے یوم جمہوریہ پریڈ میں اترپردیش کی جھانکی کو پہلا مقام حاصل ہونے پر فخر محسوس ہورہا ہے۔ پوری ٹیم کو دلی مبارکباد۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے گلوکار وریندر سنگھ سے خصوصی اظہار تشکر کیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس طرح کی حوصلہ افزائی سے محنت کرنے کی لگن پیدا ہوتی ہے۔اترپردیش کو گزشتہ سال دوسرا مقام حاصل ہوا تھا اور اس بار پہلا مقام حاصل ہوا ہے۔
اس سال 72 ویں یوم جمہوریہ کے موقع پر راج پتھ پر منعقدہ پریڈ میں شامل اترپردیش کی جھانکی کا عنوان 'ایودھیا: اترپردیش کا ثقافتی ورثہ' تھا۔ اس جھانکی میں ایودھیا میں تعمیر ہونے والے رام مندر کے ماڈل کو دکھایا گیا تھا۔
اس کے ساتھ ہی جھانکی میں مہارشی والمیکی کو رامائن کی تخلیق کرتے ہوئے دکھایا گیا تھا۔ ساتھ ہی رام نگری ایودھیا کی ثقافتی وراثت کی جھلک دیکھنے کا موقع بھی حاصل ہوا تھا۔ جھانکی کے پہلے حصے میں مہارشی والمیکی کے ایک مجسمہ کو دکھایا گیا تھا اور اس کے پیچھے رام مندر کا ایک ماڈل موجود تھا۔ جھانکی میں ایودھیا کی ثقافت، تہذیب اور فن کو دکھایا گیا تھا۔