ماہ مقدس رمضان المبارک اپنی برکتوں اور رحمتوں کے ساتھ ساتھ پوری دنیا پر سایہ فگن ہے۔ رمضان المبارک کا پہلا عشرہ مکمل ہونے کے بعد آج سے مغفرت کا عشرہ شروع ہوگا۔ اس میں کچھ خاص دعائیں اللہ رب العزت کی بارگاہ میں کی جاتی ہیں اور مومنین کو اس سے اپنے گناہوں سے نجات ملتی ہے۔
مغفرت کے عشرے کی خصوصیت و فضیلت پر ای ٹی وی بھارت نے بنارس کے معروف عالم دین مفتی ہارون الرشید نقشبندی سے خاص بات چیت کی۔
مفتی ہارون الرشید نے بتایا کہ رمضان المبارک کے دوسرے عشرے کی مغفرت کے عشرے میں تمام روزے داروں کو اللہ کی بارگاہ میں اپنے گناہوں سے معافی مانگنی چاہیے۔ اللہ رب العزت اس عشرے میں مومنین کے گناہوں کی مغفرت کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جب روزے دار حالت روزہ میں اللہ رب العزت کی بارگاہ میں استغفار کرتا ہے تو فرشتے آمین کہتے ہیں اور اس کی دعا رد نہیں کی جاتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ افطار سے پندرہ منٹ قبل دسترخوان پر بیٹھ کر درود پڑھیں۔ اس کے بعد اپنے گھر والوں، اہل و عیال، عزیز و اقارب اور پوری دنیا کے مسلمانوں کے لیے، انسانیت کے لیے، ملک کے تحفظ کے لیے وبا اور بیماری کے خاتمے کے لیے، رزق میں وسعت کے لیے، گناہوں کی مغفرت کے لیے دعا کریں اور ان شاء اللہ اس عشرے میں ضرور دعائیں قبول ہوں گی۔