اجمیر میں حضرت خواجہ معین الدین چشتی کے 809 عرس مبارک کے موقع پر سیاست دانوں کی جانب سے چادر پیش کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔ آج وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے بھی خواجہ کے دربار میں اپنی چادر بھیجی۔
ان کی یہ چادر درگاہ کمیٹی کے ممبر منور خان لے کر پہنچے تھے، جنہوں نے خواجہ کے مزار پر اس چادر کو پیش کیا۔ اس موقع پر راج ناتھ سنگھ کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔
مرکزی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے خواجہ صاحب کے دربار میں بھیجے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ ان کی خواجہ میں بے پناہ عقیدت ہے۔ یہی وجہ ہے کی گذشتہ 11 برس سے چادر کا تحفہ اجمیر بھیج رہے ہیں۔
درگاہ کے بلند دروازے پر منور خان کی ذریعہ ان کا پیغام پڑھ کر سنایا گیا، جس میں انہوں نے ہم وطن لوگوں اور عقیدت مندوں کو خواجہ صاحب کے عرس کی مبارکباد دی۔ منور خان نے بتایا کہ مرکزی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ اجمیر شریف درگاہ زیارت کے خواہش مند ہیں، لیکن بعض وجوہات کی بنا پر وہ تشریف نہیں لا پا رہے ہیں۔ امید ہے کی وہ بھی جلد زیارت کرنے اجمیر شریف ضرور آئیں گے۔
راج ناتھ سنگھ کی چادر لانے والے تمام نمائندوں کو درگاہ کے خادم سید منور چشتی نے زیارت کرائی اور دستار بندی کر کے تبرک بھی نذر کیا۔