مرکزی وزیر دفاع راجناتھ سنگھ نے جاٹ ریجمینٹ اور دہلی پولس کو بہترین مارچ کرنے والے دستے کی ٹرافی سے نوازا۔
جاٹ ریجمینٹ کی جانب سے بریگیڈیئر آدرش کے بوٹیل اور صوبیدار میجر وریندر نے جبکہ دہلی پولس کی جانب سے اسپیشل پولس کمشنر رابن ہیبو اور اسسٹنٹ کمشنر وویک بھگت نے ٹرافی حاصل کی۔
جیوری کے دو پینلز نے ان دونوں دستے کو مارچنگ کا بہترین دستہ قرار دیا۔
اس موقع پر وزیر دفاع راجناتھ سنگھ نے کہا کہ یہ ٹرافی ان کی محنت اور عزم کا احترام ہے۔ انہوں نے جاٹ ریجمینٹ کی جُرات اور بہادری کی تعریف کی جبکہ دہلی پولس کی اضافی ذمہ داریوں کی بخوبی ادائیگی کی ستائش کی۔
راجناتھ سنگھ نے کہا کہ 'دہلی بھارتی جمہوریت کا مرکز ہے۔ اس لیے یہ تمام منفی حالات کا مرکز بھی ہے۔ یہ امر قابل ستائش ہے کہ دہلی پولس نے قومی دارالحکومت کے اندرونی اور بیرونی خطرات کی حفاظت اور فلاح کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ بہترین مارچنگ اسکواڈ ٹرافی حاصل کی ہے۔'
اس موقع پر چیف آف ڈیفنس اسٹاف جنرل بپن راوت، بحریہ کے سربراہ ایڈمرل کرم بیر سنگھ، فضائیہ کے سربراہ آر کے ایس بھدوریا، آرمی چیف جنرل ایم نروانے، دفاعی سکریٹری ڈاکٹر اجے کمار اور وزارت دفاع کے دیگر اعلی فوجی اور سول افسران نیز وزارت داخلہ کے سینئر عہدیدار موجود تھے۔